لاہور — حکومت اور شوگر ملز مالکان کے درمیان چینی کی قیمت 165 روپے فی کلو مقرر کرنے کا معاہدہ بے اثر ہو چکا ہے۔ مارکیٹ میں چینی 190 روپے کلو تک فروخت ہو رہی ہے، جس کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
متعدد دکانداروں نے چینی رکھنا بند کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 50 کلو کا تھیلا 9100 روپے میں ملتا ہے، جو حکومتی مقررہ قیمت پر فروخت ممکن نہیں بناتا۔ مزید یہ کہ تھیلوں میں وزن بھی پورا نہیں ہوتا — 100 سے 200 گرام تک کم چینی دی جا رہی ہے۔
دوسری طرف صارفین شکایت کر رہے ہیں کہ حکومت کی جانب سے قیمتوں پر کنٹرول اور مؤثر مانٹرنگ کا فقدان ہے۔ اس ساری صورتحال میں عام شہری پس رہے ہیں، جبکہ شوگر مافیا منافع کما رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو چینی کی قیمت 200 روپے کلو سے تجاوز کر سکتی ہے، جو پہلے ہی سے مہنگائی کی چکی میں پسنے والی عوام کے لیے ایک اور صدمہ ہوگا۔
Comments 1