ژوب میں سیکیورٹی فورسزآپریشن ، پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کرنے والے 33 خارجی ہلاک

بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں پاک فوج نے ایک خفیہ انٹیلیجنس آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 33 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ دہشت گرد پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ حالیہ دہشت گرد حملوں کے تناظر میں یہ ایک اہم دفاعی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا کا مصر کا سرکاری دورہ، اعلیٰ مصری قیادت سے ملاقاتیں

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے مصر کا سرکاری دورہ کیا جہاں انہوں نے مصری صدر، وزیر دفاع اور دیگر اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دفاعی تعاون، انسداد دہشت گردی اور بین المذاہب ہم آہنگی پر گفتگو ہوئی۔
دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں ،دنیا ہماری کاروائیوں کی معترف :وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کثیر الجہتی حکمت عملی اپنائی ہے ۔دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور دنیا دہشت گردوں کے خلاف ہماری کامیاب کارروائیوں کی معترف ہے ۔
اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی ، ریاستی رٹ کے قیام کے حوالے سے قائم اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے دہشت گرد ی کے خاتمے کے لیے زمینی آپریشن ، متعلقہ قانون سازی ، بامعنی عوامی رابطے اورانتہاپسند سوچ کی حوصلہ شکنی جیسے اقدامات کیے گئے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ بہادر افواج کے سپوتوں کا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کردار قابل تعریف ہے۔ارض وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں اور افسران پر پوری قوم کو فخر ہے ۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم ، بہادر افواج ، قانون نافذ کرنے والے ادارے ، انٹیلی جنس ادارے متحد اور یکسوں ہیں ۔ بہادر افواج نے آپریشن ردالفساد اور ضرب عضب میں دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کیا۔ تاریخ ساز معرکہ حق میں دنیا نے پاکستان کی فتح تسلیم کی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتوں ،انٹیلی جنس اداروں، وزارت داخلہ، کاؤنٹر ٹیرارزم ، پنجاب انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ نے جنگ میں موثر اقدامات اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان فتنہ الہندوستان،فتنہ الخوارج اور دوسرے سماج دشمن عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے جامع حکمت عملی پر کام کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے پاک اور پرامن مضبوط ریاستی ڈھانچہ ہی بین االاقوامی سطح پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کر سکتا ہے ۔اس حوالے سے تمام نظام کی ڈیجیٹائزیشن اور ٹیکس سسٹم میں بہتری جیسے انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں ۔پاکستان کی اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ اضافہ اور گلوبل ریٹنگ میں بہتری ، معیشت میں استحکام کی علامت ہیں ۔
وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں سمگلنگ کی روک تھام سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کی عالمی قوانین کے مطابق وطن واپسی پر عمل درآمد جاری ہے ۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل چیف آف آرمی سٹاف سید عاصم منیر، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ، وفاقی وزیر اکنامک افیئرز ڈویژن احد خان چیمہ، وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی تعاون رانا ثنا اللہ، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز، انسپکٹر جنرلز اور متعلقہ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
ملاکنڈ میں چار روزہ آپریشن میں 9 خوارج ہلاک اور 8 گرفتار کرلیے گئے، آئی ایس پی آر

ملاکنڈ میں سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 9 دہشتگردوں کو ہلاک اور 8 کو گرفتار کیا، وزیراعظم نے فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔