تیل و گیس تلاش کے لیے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 5 اہم توانائی معاہدوں پر دستخط

پاکستان اور ترکیہ نے منگل کے روز توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کو نئی سطح پر لے جاتے ہوئے تیل و گیس کی تلاش کے لیے 5 اہم مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) اور تفویضِ حقوق کی دستاویزات پر دستخط کیے۔ یہ تاریخی پیش رفت ترک وزیرِ توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائرقدار کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد کے دورہ پاکستان کے دوران ممکن ہوئی، جہاں وفد نے وزیرِ اعظم شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیرِ توانائی اویس لغاری سے ملاقاتیں کیں۔
جی ایچ کیو میں ترک وزیر توانائی کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سےملاقات، پاک ترک توانائی تعاون پر اہم گفتگو

ترک وزیرِ توانائی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات کی جسے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ملاقات میں آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک نے توانائی منصوبوں، مشترکہ سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی تبادلے اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی۔