حکومت نام نہاد بورڈ آف غزہ سے فوری علیحدگی اختیار کرے، اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان

اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کا بورڈ آف غزہ سے علیحدگی کا مطالبہ
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

حکومت نام نہاد بورڈ آف غزہ سے فوری علیحدگی اختیار کرے، اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان ، حکومت اس اہم مسئلے پر پارلیمان، قومی و جمہوری سیاسی جماعتوں اور عوامی تحریکوں کو اعتماد میں لے۔


لاہور: اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نام نہاد بورڈ آف غزہ (Board of Peace) سے اپنی شمولیت فوری طور پر واپس لے۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے غزہ کے معاملے پر منعقدہ کانفرنس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو امریکی سامراج اور ٹرمپ حکومت کے تناظر میں فلسطینی عوام، خصوصاً اپنے مظلوم بہن بھائیوں کی بھرپور حمایت کرنی چاہیے۔ اعلامیے میں زور دیا گیا کہ حکومت اس اہم قومی اور بین الاقوامی مسئلے پر پارلیمان، قومی و جمہوری سیاسی جماعتوں اور عوامی تحریکوں کو اعتماد میں لے۔

ایران اور امریکا کے ایٹمی مذاکرات میں پاکستان کی شرکت
ایران اور امریکا کے درمیان ایٹمی پروگرام پر مذاکرات، پاکستان کی شرکت

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان کو گلوبل ساؤتھ کے ممالک پر مشتمل ایک ایسے عالمی بلاک کی حمایت کرنی چاہیے جو فلسطین کے لیے آزادی اور انصاف کے مقدمے کی بین الاقوامی سطح پر قیادت کرے۔

اپوزیشن اتحاد نے مطالبہ کیا کہ پاکستان ایک ایسی خارجہ پالیسی تشکیل دے جو باہمی احترام، خود مختاری اور تعاون پر مبنی ہو۔ اعلامیے میں ایران کے خلاف امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ سامراجی طاقتوں کی جانب سے خود مختار ممالک کے اندرونی معاملات میں کسی بھی قسم کی مداخلت ناقابل قبول ہے۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان نے وینزویلا، کیوبا، کولمبیا سمیت لاطینی امریکا اور افریقہ کے اُن تمام ممالک کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا جو امریکی جارحیت اور دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ خطے میں جنگ اور تقسیم مسلط کرنے کی ہر کوشش کو مسترد کیا جاتا ہے، جو واشنگٹن کی جانب سے چین کو گھیرنے اور محدود کرنے کی پالیسی کا حصہ ہے۔ اپوزیشن اتحاد نے ایک غیر جانب دار خارجہ پالیسی کا مطالبہ کیا جو علاقائی امن سے جڑی ہو اور پاکستان کو مغربی طاقتوں کی پراکسی بننے سے بچائے۔

 
[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]