ترکیے نے پہلا ہائپر سونک بیلسٹک میزائل ’ٹائفون بلاک 4‘ متعارف کرا دیا
استنبول: ترکیے نے دفاعی ٹیکنالوجی میں ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اپنا پہلا ہائپر سونک بیلسٹک میزائل ’ٹائفون بلاک 4‘ دنیا کے سامنے پیش کر دیا۔
یہ انکشاف استنبول میں جاری بین الاقوامی دفاعی نمائش IDEF 2025 کے دوران سامنے آیا، جہاں ترک دفاعی کمپنی راکٹسان (Roketsan) نے اپنے 6 جدید ہتھیاروں کی نمائش کی، جن میں سب سے نمایاں ٹائفون بلاک 4 تھا — جو ترکیے کے سب سے جدید اور طویل فاصلے تک مار کرنے والا ملکی ساختہ میزائل ہے۔
خصوصیات:
- لمبائی: 10 میٹر
- وزن: 7,200 کلوگرام
- مار کرنے کی حد: 800 کلومیٹر
- رفتار: ہائپر سونک
- اہداف: فضائی دفاعی نظام، کمانڈ سینٹرز، فوجی ہینگرز، اسٹریٹجک تنصیبات
جدید ٹیکنالوجی اور تباہ کن صلاحیت
راکٹسان کے مطابق، ٹائفون بلاک 4 اپنی ہائپر سونک اسپیڈ، جدید منیور ایبلٹی اور ملٹی پرپز وارہیڈ کے باعث میدانِ جنگ میں انتہائی خطرناک ہتھیار تصور کیا جا رہا ہے۔ یہ میزائل نہ صرف دشمن کے دفاعی نظام کو چکمہ دے سکتا ہے بلکہ انتہائی گہرائی میں موجود اسٹریٹجک اہداف کو بھی درستگی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔
راکٹسان نے مزید بتایا کہ ٹائفون میزائل کا یہ جدید ورژن سیریل پروڈکشن میں جا چکا ہے اور اسے جلد ہی ترک مسلح افواج کے ذخیرے میں شامل کر دیا جائے گا، جس سے ترکیے کی دفاعی صلاحیتوں میں ایک نیا باب کھلے گا۔