اسلام آباد: 21 دہشت گرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ ہو رہی ہیں، فنڈنگ اور ٹارگٹس بھارت دے رہا ہے، محسن نقوی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی دہشت گردی پر میڈیا سے گفتگودہشت گرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ ہو رہی
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

اسلام آباد: 21 دہشت گرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ ہو رہی ہیں، فنڈنگ اور ٹارگٹس بھارت دے رہا ہے، محسن نقوی

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اس وقت 21 بین الاقوامی دہشت گرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ ہو رہی ہیں جبکہ دہشت گردوں کی فنڈنگ اور اہداف بھارت فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ خودکش حملے نے تمام شکوک و شبہات ختم کر دیے ہیں اور دہشت گرد نیٹ ورکس کے گٹھ جوڑ کے ناقابلِ تردید شواہد سامنے آ چکے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ داعش کا پورا نیٹ ورک گرفتار کر لیا گیا ہے اور یہ گروہ پیسے کے بدلے کام کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب اس بات میں کوئی شک باقی نہیں رہا کہ دہشت گردی کے پیچھے ایک منظم منصوبہ بندی موجود ہے جس میں افغانستان میں موجود گروہ اور بھارت شامل ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ میں واضح طور پر کہہ رہا ہوں کہ دہشت گردوں کی فنڈنگ اور ٹارگٹس بھارت دے رہا ہے، جبکہ حملوں کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی جا رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک دن دنیا خود تسلیم کرے گی کہ دہشت گردی کو کون اسپانسر کر رہا ہے۔

اسلام آباد خودکش دھماکے کے بعد مریم نواز کابسنت کی تمام تقریبات منسوخ کرنے کا اعلان
اسلام آباد دھماکے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا قومی یکجہتی کا پیغام

محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں بی ایل اے کے حملوں سے پہلے ویڈیوز تیار کی جاتی ہیں، جن کی پروڈکشن کوالٹی خود اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ ایک منظم نیٹ ورک کے تحت کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے فوراً بعد یہی مواد بھارتی میڈیا پر چلایا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ دھماکے میں ملوث چار سہولتکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ حملے کا ماسٹر مائنڈ افغان شہری ہے اور اس کا تعلق داعش سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملے کی منصوبہ بندی اور تربیت افغانستان میں ہوئی اور حملہ آور کی ٹریول ہسٹری کی مدد سے نیٹ ورک تک پہنچا گیا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ چاہے ٹی ٹی پی ہو، افغان طالبان ہوں یا داعش، تمام دہشت گرد گروہ مل کر کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت حالتِ جنگ میں ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کمیونٹی انٹیلی جنس سب سے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

محسن نقوی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک دہشت گرد حملہ ہو جاتا ہے تو درحقیقت 99 حملے پہلے ہی ناکام بنا دیے جاتے ہیں، لیکن ان کارروائیوں کو میڈیا میں اجاگر نہیں کیا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے منظم انداز میں کارروائیاں کیں جس کے باعث سیکیورٹی سسٹمز کو مزید اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ پوری شدت سے جاری رکھے گا اور چاہے بھارت اپنا بجٹ دس گنا بھی بڑھا لے، پاکستان دہشت گردی کو شکست دے گا۔

 

متعلقہ خبریں

[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]