سیکیورٹی فورسز کی باجوڑ میں بڑی کارروائی، دراندازی کی کوشش ناکام، 4 دہشت گرد ہلاک،انتہائی مطلوب خارجی کمانڈر امجد عرف مزاحم بھی ہلاک
باجوڑ (رئیس الاخبار) — سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پاک–افغان سرحد پر فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے 29 اور 30 اکتوبر کی درمیانی شب پاک–افغان بارڈر کے قریب دراندازی کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان کی کوشش ناکام بنادی اور فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کی باجوڑ میں بڑی کارروائی سے ہلاک ہونے والوں میں انتہائی مطلوب خارجی کمانڈر امجد عرف مزاحم بھی شامل ہے، جو دہشت گرد کمانڈر نور ولی کا نائب اور بھارتی پراکسی تنظیم فتنۃ الخوارج کی ’’رہبری شوریٰ‘‘ کا سربراہ تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ کمانڈر امجد عرف مزاحم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طویل عرصے سے مطلوب تھا اور حکومتِ پاکستان نے اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔ وہ افغانستان میں رہائش پذیر ہونے کے باوجود پاکستان کے اندر متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتنۃ الخوارج کی قیادت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں دراندازی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ ملک کے اندر اپنی موجودگی کا تاثر دیا جا سکے۔
ترجمان نے کہا کہ ایک بار پھر واضح کیا جاتا ہے کہ افغان عبوری حکومت دہشت گردوں کے خلاف مؤثر اقدامات کرے تاکہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دیا جائے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ فورسز کی باجوڑ میں بڑی کارروائی پاکستان کے اس مؤقف کی بھی تائید کرتا ہے کہ افغانستان کی سرزمین مسلسل فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہو رہی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اپنے ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم اور ثابت قدم ہیں، جب کہ علاقے میں سرچ آپریشن (bajaur operation)جاری ہے تاکہ کسی بھی دہشت گرد کو فرار کا موقع نہ مل سکے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے فورسز کی باجوڑ میں بڑی کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ سمیت دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم ناکام بنائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معصوم شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی، جب کہ حکومت پاکستان ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
فورسز کی باجوڑ میں بڑی کارروائی پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بہادر اہلکاروں نے بروقت اور پیشہ ورانہ مہارت سے ہائی ویلیو ٹارگٹ کو ہلاک کر کے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
🚨#ISPR Commander Eliminated
Rawalpindi, 30 October, 2025
On night 29/30 October 2025, movement of a group of khwarij, who were trying to infiltrate through #Pakistan- #Afghanistan border, was picked up by the security forces in Bajaur District.
Our troops effectively engaged… pic.twitter.com/B4QD0PszHW
— Pakistan Armed Forces News 🇵🇰 (@PakistanFauj) October 30, 2025










