پاکستان میں پہلی گوگل کروم بُک اسمبلی لائن کا افتتاح، ڈیجیٹل انقلاب کی جانب تاریخی قدم ،آج ہم گوگل اور پاکستان کے درمیان ایک بیش قیمت شراکت داری کا جشن منا رہے ہیں : وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار
اسلام آباد (رئیس الاخبار):– پاکستان نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک نیا سنگِ میل عبور کر لیا۔ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار نے منگل کے روز پاکستان میں پہلی گوگل کروم بُک اسمبلی لائن کا باضابطہ افتتاح کر دیا، جسے انہوں نے ملک کی ڈیجیٹل تبدیلی میں ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔ افتتاحی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جہاں اسحٰق ڈار نے کہا کہ “آج ہم گوگل اور پاکستان کے درمیان ایک بیش قیمت شراکت داری کا جشن منا رہے ہیں، جو ڈیجیٹل پاکستان کے خواب کو حقیقت کے قریب لے جا رہی ہے۔
” انہوں نے بتایا کہ کروم بُک کی مقامی تیاری سے تعلیمی اداروں، طلبہ اور عام صارفین کے لیے جدید ڈیجیٹل ٹولز زیادہ سستے اور قابلِ رسائی ہو جائیں گے۔
وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ اس منصوبے کی اقتصادی اہمیت بھی بہت زیادہ ہے، کیونکہ یہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا، سپلائی چین کو ترقی دے گا اور مستقبل میں ٹیکنالوجی کی برآمدات کے لیے راستہ ہموار کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گوگل کے ساتھ طے پانے والے ایک اسٹریٹجک مفاہمتی یادداشت کے تحت: ملک بھر میں ایک لاکھ ڈیولپرز کو تربیت دی جائے گی۔ گیمنگ اور اسٹارٹ اَپ صنعتوں کے لیے خصوصی پروگرامز متعارف ہوں گے۔ مصنوعی ذہانت پر مبنی عوامی خدمات کے نئے حل متعارف کرائے جائیں گے۔ پاکستانی نوجوانوں کو گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ عالمی معیار کی تربیت حاصل کر سکیں۔
وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار نے مزید کہا کہ گوگل کا پاکستان میں دفتر قائم کرنا محض ایک علامتی قدم نہیں بلکہ پاکستان کی ڈیجیٹل ٹیکنالوجیی صلاحیتوں پر عالمی اعتماد کا اظہار ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدام ڈیجیٹل معیشت، اختراع اور عالمی سرمایہ کاری کے لیے ایک اسٹریٹجک سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گوگل کی مقامی موجودگی سے پاکستانی ڈیولپرز، اسٹارٹ اَپس اور کاروباری اداروں کے ساتھ براہِ راست تعاون ممکن ہوگا، جس سے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور استعداد میں اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے وزیرِ دفاعی پیداوار محمد رضا حیات اور ایس آئی ایف سی کے نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پہلی گوگل کروم بُک اسمبلی لائن کا آغاز ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ اور تعلیم کو ایک ساتھ لانے والا انقلابی قدم ہے۔” انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان ڈیجیٹل ترقی کی رفتار کو مزید تیز کرے گی، تاکہ نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ یاد رہے کہ جون 2024 میں گوگل فار ایجوکیشن کے پارٹنر ٹیک ویلی، نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن اور آسٹریلوی کمپنی الائیڈ نے خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں کروم بُک اسمبلی لائن قائم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔
گزشتہ روز ٹیک ویلی کے سی ای او کیون کیلِس کی قیادت میں ایک وفد نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں گوگل کروم بُک مینوفیکچرنگ فیکٹری کے قیام کے لیے تعاون پر اتفاق کیا گیا تاکہ ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم اور مقامی آئی ٹی انفرااسٹرکچر کو فروغ دیا جا سکے۔
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 delivered remarks at the launch of Pakistan’s first Chromebook Assembly Line & the Google–Pakistan Partnership, a landmark step in advancing #DigitalNationPakistan.
He noted that these milestones… pic.twitter.com/nSHvPApFKK
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) November 4, 2025











Comments 1