لاس اینجلس سے اڑان بھرنے والے امریکی مسافر طیارے کے انجن میں آگ، ہنگامی لینڈنگ
لاس اینجلس: کیلیفورنیا سے اڑان بھرنے والے ڈیلٹا ایئر لائنز کے بوئنگ مسافر طیارے میں ٹیک آف کے فوراً بعد آگ بھڑک اٹھی، خوفناک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ویڈیو میں طیارے کے بائیں انجن سے شعلے نکلتے ہوئے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، جس نے دیکھنے والوں کو دہلا دیا۔ پرواز کو فوری طور پر واپس لاس اینجلس ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا، جہاں پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت لینڈ کروا دیا۔
طیارہ لاس اینجلس سے اٹلانٹا، جارجیا جا رہا تھا جب دورانِ پرواز بوئنگ 767-400 کے بائیں جانب انجن میں آگ بھڑک اٹھی۔ ویڈیو میں جہاز کو مڑتے ہوئے اور انجن سے دہکتے شعلے نمایاں طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، جبکہ ایک مسافر کی چیخیں بھی سنائی دیتی ہیں۔
پائلٹ نے ہوشیاری سے رن وے پر طیارے کو اتارا، لینڈنگ گیئر مکمل طور پر فعال رہا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔ حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔










Comments 2