وزیراعلیٰ کےپی نے گورنر ہاؤس میں حلف برداری کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل اتمانخیل نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مخصوص نشستوں پر ارکان کے گورنرہاؤس میں حلف کو چیلنج کر رہے ہیں اس کے لیے وزیراعلیٰ کی طرف سےکل پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 65 ممبران اسمبلی سےحلف اسمبلی ہاؤس میں لینے کا کہتا ہے اسپیکر نے ممبران سے حلف لینے سے انکار نہیں کیا، اسپیکر نے کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ملتوی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 24 جولائی کو اسمبلی اجلاس ہے گورنر ہاؤس میں ارکان سےحلف نہیں لیا جاسکتا، آرٹیکل 255(2) میں ناقابل عمل/ناممکن لفظ لکھا ہے وزیراعلیٰ، اسپیکر انکار کرے تو پھر چیف جسٹس کسی کو نامزد کر سکتے ہیں وزیراعلیٰ ، اسپیکرنےحلف لینے سے انکار نہیں کیا آج اجلاس طلب کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ارکان کی گورنر ہاؤس میں حلف برداری پر اسپیکر نے بھی پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسپیکر کےپی اسمبلی کی جانب سے بھی کل ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کیے جانے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کی 25 مخصوص نشستوں پر ارکان نے حلف اٹھالیا، گورنر فیصل کریم کنڈی نے منتخب ارکان سے حلف لیا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشست کےلیے پاکستان مسلم لیگ ن کی 7خواتین، اقلیت پر ایک رکن اسمبلی نے حلف اٹھایا، ن لیگ کی خواتین نشستوں پر فرح خان، آمنہ سردار، فائزہ ملک اور شازیہ جدون نے حلف اٹھایا۔