پاک بھارت میچ: آج کوئی پیشرفت متوقع نہیں، حتمی فیصلہ 12 فروری کو ہونے کا امکان

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ پر غیر یقینی صورتحال
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

پاک بھارت میچ: آج کوئی پیشرفت متوقع نہیں، حتمی فیصلہ 12 فروری کو ہونے کا امکان، محسن نقوی کی آج وزیر اعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات متوقع

لاہور : آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان متوقع میچ سے متعلق آج کسی بڑی پیشرفت کا امکان نہیں ہے، تاہم آئندہ چند روز میں اہم بریک تھرو متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق پاک بھارت میچ کے حوالے سے حتمی فیصلہ ممکنہ طور پر 12 فروری کو کیا جائے گا۔

آئی سی سی وفد پاک بھارت میچ بائیکاٹ پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کے لیے لاہور پہنچ گیا
پاک بھارت میچ بائیکاٹ پر آئی سی سی اور پی سی بی کے درمیان اہم مذاکرات

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے درمیان پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ سے متعلق اہم مذاکرات ہوئے۔ ان مذاکرات میں مختلف آپشنز پر غور کیا گیا تاہم کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچا جا سکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ فوری طور پر کوئی اعلان متوقع نہیں، تاہم اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران پیش رفت کا قوی امکان موجود ہے۔ آئی سی سی اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے کیونکہ پاک بھارت میچ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سب سے بڑا اور اہم مقابلہ تصور کیا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی آج وزیر اعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں پاک بھارت میچ کھیلنے یا نہ کھیلنے سے متعلق مشاورت کی جائے گی۔ اس ملاقات کے بعد پاکستان کا حتمی مؤقف سامنے آنے کا امکان ہے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کو بھارت کے خلاف میچ کے حوالے سے 9 فروری تک فیصلہ کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے، تاہم پاکستانی ذرائع نے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کسی دباؤ میں آ کر فیصلہ نہیں کرے گا اور تمام معاملات حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق طے کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے حکومت پاکستان کی مشاورت سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ تو برقرار رکھا ہے، تاہم بنگلادیش کے ساتھ آئی سی سی کے مبینہ غیر منصفانہ اور جانبدارانہ رویے کے بعد بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت پر شہباز شریف سے محسن نقوی کی ملاقات
محسن نقوی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ورلڈکپ معاملات پر ملاقات

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے مجموعی ریونیو کا تقریباً 65 فیصد حصہ پاک بھارت میچ سے حاصل ہوتا ہے، جس کے باعث اس میچ کی منسوخی آئی سی سی اور براڈکاسٹرز کے لیے بڑا مالی دھچکا ثابت ہو سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آئی سی سی اس معاملے کو حل کرنے کے لیے بیک ڈور رابطوں سمیت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ آئی سی سی کے اعلیٰ حکام پاکستان، بنگلادیش اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ کوئی ایسا حل نکالا جا سکے جس سے ٹورنامنٹ متاثر نہ ہو اور فریقین کے تحفظات بھی دور ہو سکیں۔

کرکٹ حلقوں کے مطابق اگر پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر قائم رہنے کا اعلان کیا تو اس کے اثرات صرف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ مستقبل کے آئی سی سی ایونٹس پر بھی اس کے گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب عوامی اور کرکٹ شائقین کی نظریں بھی اس فیصلے پر جمی ہوئی ہیں، کیونکہ پاک بھارت مقابلہ نہ صرف کرکٹ بلکہ عالمی سطح پر سب سے زیادہ دیکھے جانے والے اسپورٹس ایونٹس میں شمار ہوتا ہے۔

اب سب کی نظریں آئندہ چند دنوں پر مرکوز ہیں، جہاں حکومت پاکستان، پی سی بی اور آئی سی سی کے درمیان مشاورت کے بعد یہ طے ہوگا کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میدان میں اترے گا یا نہیں۔

 

متعلقہ خبریں

[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]