اسد قیصر کا نئے، فری اینڈ فیئر انتخابات کا مطالبہ، ملک میں جمہوریت موجود نہیں

اسد قیصر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، نئے فری اینڈ فیئر انتخابات
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

اسد قیصر کا نئے، فری اینڈ فیئر انتخابات کا مطالبہ، ملک میں جمہوریت موجود نہیں

اسلام آباد : سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے ملک میں نئے، فری اینڈ فیئر انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں حقیقی جمہوریت موجود نہیں اور عوام کو یہ بنیادی حق حاصل ہونا چاہیے کہ وہ اپنی قیادت خود منتخب کریں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو سنائی گئی سزا کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے فیصلوں سے عدالتی نظام پر عوام کا اعتماد بری طرح مجروح ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ انصاف ہوتا ہوا نظر آنا بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا انصاف ہونا۔

متنازع ٹویٹس کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی کو 17، 17 سال قید کی سزا
اسلام آباد کی عدالت کا فیصلہ: ایمان مزاری اور ہادی علی کو 17 سال قید

خارجہ پالیسی پر بات کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ غزہ امن بورڈ میں شمولیت سے قبل نہ پارلیمنٹ میں کوئی بحث کی گئی اور نہ ہی وفاقی کابینہ سے منظوری لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ کو چاہیے تھا کہ اس اہم معاملے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیتے اور ایوان میں تفصیلی بحث کروائی جاتی۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک آزاد خارجہ پالیسی اپنانی چاہیے، کسی مخصوص بلاک کا حصہ بننے کے بجائے قومی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے اور تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ متوازن اور بہتر تعلقات استوار کرنے چاہئیں۔

تیراہ کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی حالیہ پریس ریلیز کئی سوالات کو جنم دیتی ہے۔ اگر کسی قسم کی کارروائی یا فیصلہ سازی درکار ہے تو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو باہمی مشاورت سے فیصلے کرنے چاہئیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ فوجی آپریشنز کی مخالفت کی ہے اور نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کی حامی رہی ہے۔ اسد قیصر کے مطابق دہشت گردی کا مکمل خاتمہ، امن، تعلیم اور روزگار عوام کی اصل ضروریات ہیں، اختلاف صرف طریقۂ کار پر ہے۔

اسد قیصر نے فری اینڈ فیئر انتخابات کے مطالبہ کے ساتھج خبردار کیا کہ اگر حکومت پاکستان تحریک انصاف کو اعتماد میں نہیں لیتی تو کم از کم دیگر سیاسی جماعتوں کو ضرور اعتماد میں لے، کیونکہ عوام کو نظرانداز کرنے کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

 

[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]