آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے فیصلہ کے بعد پیپلز پارٹی نے نئے وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے چوہدری یاسین کا نام فائنل کرلیا، باضابطہ اعلان آج رات تک متوقع
اسلام آباد (رئیس الاخبار) — آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں اِن ہاؤس تبدیلی کی کوششوں کے تناظر میں پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے چوہدری یاسین کے نام کو حتمی طور پر فائنل کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ اسلام آباد میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔
اجلاس میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، حکومت میں تبدیلی کے امکانات اور آئندہ حکمتِ عملی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ عظمیٰ کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے چار امیدواروں کے نام زیرِ غور آئے جن میں چوہدری یاسین، لطیف اکبر، فیصل ممتاز راٹھور اور سردار یعقوب شامل تھے۔
تاہم طویل مشاورت کے بعد پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے چوہدری یاسین کے نام کو حتمی منظوری دے دی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے نئے قائدِ ایوان(ajk prime minister ch yasin) کے نام کا باضابطہ اعلان آج رات تک متوقع ہے۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی نے حال ہی میں وزیراعظم انوار الحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا تھا، جسے آئندہ دو روز میں اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
چوہدری یاسین کون ہیں ؟
چوہدری محمد یاسین کا تعلق آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی سے ہے۔ چوہدری یاسین صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر ہیں ۔ جبکہ آپ سابق اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اورسابق وزیر آزاد حکومتِ ریاستِ جموں و کشمیر بھی رہ چکے ہیں۔ سیاسی حلقہ انتخاب بھی LA-11 (کوٹلی-IV) ہے۔
چوہدری یاسین کئی بار آزاد کشمیر اسمبلی کے رکن منتخب ہو چکے ہیں۔ وہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سینئر ترین رہنماؤں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ 2021 کے آزاد کشمیر انتخابات میں وہ وزارتِ عظمیٰ کے ممکنہ
امیدوار بھی سمجھے جا رہے تھے۔
وہ آزاد کشمیر کی مین اسٹریم سیاست میں پیپلز پارٹی کے مضبوط ترین ستونوں میں سے ہیں۔ ان کا خاندان بھی سیاست میں سرگرم ہے، ان کے بیٹے اور عزیز مختلف سطحوں پر پارٹی سے وابستہ ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر ان ہاؤس تبدیلی کی یہ کوشش کامیاب ہو گئی تو آزاد کشمیر میں حکومت سازی کا نیا مرحلہ شروع ہو جائے گا، جس میں پیپلز پارٹی کو مرکزی کردار حاصل ہوگا۔
آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال
آزاد کشمیر اسمبلی کے ارکان کی کل تعداد 53، ایک رکن کے استعفے کے بعد 52 رہ گئی۔
حکومت سازی کے لیے 27 ارکان کی حمایت درکار ہے جب کہ پیپلز پارٹی کے پاس اپنے 17 ارکان اسمبلی موجود ہیں، ن لیگ کے پاس 9 ممبران اسمبلی موجود ہیں۔
بیرسٹر سلطان گروپ اور فارورڈ بلاک کے مجموعی طور پر 10 ارکان نے پیپلز پارٹی کی حمایت کر دی،
عدم اعتماد کیلئے پیپلزپارٹی کو 27ممبران کے برعکس 36ممبران اسمبلی کی حمایت حاصل
وزیر اعظم انوار الحق کے گروپ میں مجموعی طور 10 ارکان اسمبلی موجود
اگر تحریک عدم اعتماد ناکام ہوتی ہے تو چھ ماہ سے قبل دوبارہ پیش نہیں کی جاسکتی
پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کے لیے چوہدری یاسین کا نام فائنل کر لیا، زرائع pic.twitter.com/VgKirtP9WG
— Zubair Ali Khan (@ZubairAlikhanUN) October 29, 2025











Comments 1