ڈھاکا : پہلے ٹی 20 میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو با آسانی ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے میچ میں میزبان ٹیم کی دعوت پر پاکستان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں وکٹوں کے نقصان پر صرف رنز ہی بنا سکی۔
گرین شرٹس کی جانب سے اوپنر فخر زمان 44 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ آخر میں عباس آفریدی نے 22 رنز ناٹ آؤٹ اننگ کھیل کر قومی ٹیم کی لاج رکھ لی۔ خوشدل شاہ 17 رنز کے ساتھ ڈبل فیگر میں داخل ہونے والے تیسرے بلے باز تھے۔
ان کے علاوہ تمام بلے باز بری طرح ناکام رہے۔ صائم ایوب (6)، محمد حارث (4)، کپتان سلمان آغا اور محمد نواز (3، 3)، فہیم اشرف (5) رنز ہی بنا سکے۔ جب کہ سلمان مرزا اور حسن نواز کو کھاتہ کھولنے کا موقع بھی نہ مل سکا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے کامیاب بولر تسکین احمد رہے۔ انہوں نے 22 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ جب کہ مستفیض الرحمان سب سے کفایتی بولر رہے۔ انہوں نے اپنے کوٹے کے چار اوررز میں صرف 6 رنز دیے اور دو وکٹیں بھی اڑائیں۔ تنظیم حسن اور مہدی حسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل بنگلہ دیشی کپتان لٹن داس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا اور کہا تھا کہ اس پچ پر 140 رنز کا ٹوٹل اچھا ہوگا۔
آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیموں کے اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
سلمان علی آغا (کپتان)، فخر زمان، صائم ایوب، محمد حارث، حسن نواز، محمد نواز، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، عباس آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد
لٹن داس (کپتان)، شمیم حسین، توحید ہریدوئے، پرویز حسین، تنزید حسین، جاکر علی، مہدی حسن، رشاد حسین، تنظیم حسن ثاقب، مستفیض الرحمان اور تسکین احمد
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تینوں ٹی 20 میچ ڈھاکا میں ہی کھیلے جائیں گے۔ گزشتہ روز دونوں کپتانوں سلمان علی آغا اور لٹن داس نے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی تھی۔
باہمی مقابلوں میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے۔ حال ہی میں پاکستان نے ہوم گراؤنڈ میں بنگلہ دیش کو وائٹ واش کیا تھا لیکن حریف ٹیم کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ہرانا آسان نہیں ہوگا۔
دوسری جانب بنگال ٹائیگرز کے حوصلے بھی سری لنکا کے خلاف سیریز جیت کر بلند ہیں۔
پاکستان نے آخری بار بنگلہ دیش میں ٹی 20 سیریز 2021 میں کھیلی تھی اور اس میں قومی ٹیم تین صفر سے کامیاب رہی تھی۔









