سندھ میں انوکھا احتجاج: بھٹ شاہ کا رہائشی شادی کی ضد میں ہائی وولٹیج بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا
مطالبات کے اظہار کے لیے عموماً بینرز اٹھائے جاتے ہیں، ریلیاں نکالی جاتی ہیں یا نعرے لگائے جاتے ہیں، مگر سندھ کے تاریخی شہر بھٹ شاہ میں ایک شخص نے اپنے مطالبے کے لیے ایسا انوکھا اور غیر معمولی طریقہ اختیار کیا کہ ہر دیکھنے والا حیران رہ گیا۔ شادی کی خواہش دل میں لیے 45 سالہ شخص اچانک بجلی کے ایک کھمبے پر چڑھ گیا اور یوں اس کا احتجاج لمحوں میں پورے شہر کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
علاقے میں اس غیر معمولی منظر کو دیکھنے کے لیے لوگوں کا ہجوم جمع ہو گیا، جبکہ راہگیر موبائل فونز کے ذریعے ویڈیوز اور تصاویر بنانے لگے۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، جہاں صارفین نے اس احتجاج کو سنجیدگی کے ساتھ ساتھ مزاحیہ انداز میں بھی لیا۔
سوشل میڈیا پر کسی صارف نے لکھا کہ یہ سال 2026 کا پہلا اور سب سے انوکھا احتجاج ہے، جبکہ ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں تبصرہ کیا کہ اگر شادی ہو بھی گئی تو چند دن بعد یہ شخص دوبارہ اسی کھمبے پر بیٹھا نظر آئے گا۔ کچھ صارفین نے عمر پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ شخص 45 سال کا کم اور 65 سال کا زیادہ دکھائی دیتا ہے۔
سندھ کے شہر بِھٹ شاہ میں انوکھا اور دلچسپ واقعہ، 45 سالہ شخص اپنی شادی کروانے کا مطالبہ لے کر بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا اور تاریں پکڑ کر بیٹھ گیا۔۔!! pic.twitter.com/p89uHNspRw
— Khurram Iqbal (@khurram143) January 1, 2026
کئی لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ احتجاج ہمارے معاشرے میں شادی جیسے سماجی مسئلے پر بڑھتے ہوئے دباؤ اور تاخیر کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ بعض نے اسے محض توجہ حاصل کرنے کا ذریعہ قرار دیا۔ تاہم، اس بات سے انکار ممکن نہیں کہ اس انوکھے احتجاج نے نہ صرف بھٹ شاہ بلکہ سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل کی۔
یہ واقعہ اس بات کی مثال بن گیا ہے کہ بعض اوقات لوگ اپنے مسائل اجاگر کرنے کے لیے روایتی طریقوں کے بجائے ایسے راستے اختیار کر لیتے ہیں جو لمحوں میں عوامی بحث کا حصہ بن جاتے ہیں۔

