چین میں گھوڑوں پر دنیا کی قدیم ترین تحاریر دریافت، یہ تحاریر گھوڑوں کی جانچ، ویٹرنری علاج، تربیت اور رہنمائی جیسے موضوعات پر مبنی ہیں
بیجنگ: چین میں متحارب ریاستوں کے دور سے تعلق رکھنے والی گھوڑوں پر لکھی گئی قدیم ترین تحریری دستاویزات دریافت کر لی گئی ہیں، جو اب تک گھوڑوں سے متعلق ملنے والی سب سے قدیم تحاریر قرار دی جا رہی ہیں۔ یہ تحریریں بانس کی تختیوں پر کندہ ہیں اور ان کی تاریخ دو ہزار سال سے زائد قدیم بتائی جا رہی ہے۔

چینی خبر رساں ادارے شِنہوا کے مطابق گھوڑوں پر دنیا کی قدیم ترین تحاریر کی دریافت کا اعلان بیجنگ میں تسنگہوا یونیورسٹی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا۔ دریافت شدہ تحاریر کا تعلق متحارب ریاستوں کے دور (475 قبل مسیح تا 221 قبل مسیح) سے ہے، جو قدیم چین میں سیاسی کشمکش اور عسکری ترقی کا ایک اہم دور سمجھا جاتا ہے۔
تسنگہوا یونیورسٹی کے آثارِ قدیمہ کے تحقیق و تحفظ مرکز کے ماہرین نے گھوڑوں سے متعلق بانس پر تحریر شدہ پانچ قدیم متون مرتب کیے ہیں۔ محققین کے مطابق یہ تحاریر گھوڑوں کی جانچ، ویٹرنری علاج، تربیت اور رہنمائی جیسے موضوعات پر مبنی ہیں اور انہیں چین میں گھوڑوں سے متعلق سب سے قدیم، منظم اور جامع تحریری ریکارڈ قرار دیا جا رہا ہے۔
مرکز سے وابستہ ایسوسی ایٹ پروفیسر شی شیاؤلی نے بتایا کہ متحارب ریاستوں کا دور قدیم چین میں رتھوں کی جنگ کے عروج کا زمانہ تھا، جب گھڑ سواری اور رتھ چلانا اشرافیہ کے لیے ایک بنیادی اور لازمی مہارت سمجھا جاتا تھا۔ تاہم اس دور میں گھوڑوں کی تربیت اور دیکھ بھال سے متعلق عملی تکنیکوں کی تفصیلات قدیم تحریری ذرائع میں نہایت محدود تھیں۔
شی شیاؤلی کے مطابق دریافت شدہ متون میں سے ایک تحریر خاص طور پر گھوڑوں کی رہنمائی اور کنٹرول کے طریقوں کی تفصیل بیان کرتی ہے، جو متحارب ریاستوں کے دور اور مجموعی طور پر قدیم چینی تاریخ میں گھڑ سواری کی تکنیکوں سے متعلق موجود علمی خلا کو پُر کرتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گھوڑوں پر دنیا کی قدیم ترین تحاریر نہ صرف قدیم چینی فوجی اور سماجی ڈھانچے کو سمجھنے میں مدد فراہم کریں گی بلکہ گھوڑوں کے استعمال، تربیت اور ویٹرنری علم کی تاریخی ترقی پر تحقیق کے لیے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتی ہیں۔ محققین کے مطابق یہ دریافت قدیم چین میں انسانی اور حیوانی تعلقات کے مطالعے کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے۔
China releases earliest 'encyclopedia' of horse management written on 2,400-year-old bamboo slips - Global Times https://t.co/rjmt2s0bT2
— hellosnoopy (@hellosnoopy8) January 20, 2026