چین میں مزید 100 پاکستانی زرعی ماہرین نے تربیتی پروگرام مکمل کر لیا

چین میں پاکستانی زرعی ماہرین کی تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

چین میں مزید 100 پاکستانی زرعی ماہرین نے تربیتی پروگرام مکمل کر لیا، تقریب میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی، چھنگ دو میں پاکستان کے قونصل جنرل تنویر اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

چین کی ساؤتھ ویسٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (SWUST) میں پاکستان ایگری کلچر “ایک ہزار ٹیلنٹس پروگرام” کے تحت مزید 100 پاکستانی زرعی ماہرین نے کامیابی کے ساتھ چھ ماہ پر مشتمل تربیتی پروگرام مکمل کر لیا۔ اس موقع پر تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب منعقد کی گئی جس میں چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی، چھنگ دو میں پاکستان کے قونصل جنرل تنویر اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

یہ تربیتی پروگرام “فصلوں کی افزائش اور جینومکس” کے عنوان سے منعقد کیا گیا تھا، جس کا مقصد پاکستانی زرعی ماہرین کو جدید سائنسی علم، جدید ٹیکنالوجی اور عملی تجربات سے آراستہ کرنا تھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ چین اور پاکستان سدابہار تزویراتی تعاون کے شراکت دار ہیں اور سال 2026 دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کا سال ہو گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایس ڈبلیو یو ایس ٹی پاکستانی جامعات اور تحقیقی اداروں کے ساتھ تعلیم، سائنسی تحقیق اور صنعتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دے گی۔ سفیر نے تربیت حاصل کرنے والے زرعی ماہرین پر زور دیا کہ وہ چین میں حاصل کردہ علم اور تجربات کو پاکستان میں عملی شکل دیں اور زرعی شعبے کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔

کینیڈا میں اوورسیز پاکستانیوں کی تاریخی تقریب اور کمیونٹی اجتماع
کینیڈا میں منعقدہ تاریخی تقریب میں اوورسیز پاکستانیوں کی بھرپور شرکت

تربیت یافتہ شرکاء کی نمائندگی کرتے ہوئے فہد نے کہا کہ یہ چھ ماہ کا پروگرام جدید علمی معلومات، اعلیٰ ٹیکنالوجی اور عملی تربیت کا بہترین امتزاج تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران نہ صرف چین کی زرعی ترقی کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا بلکہ چینی عوام اور اساتذہ کی دوستی اور مہمان نوازی نے دل جیت لیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تمام تربیت یافتہ ماہرین پاکستان واپس جا کر زرعی پیداوار میں بہتری، جدید کاشتکاری اور زرعی شعبے میں مثبت تبدیلی کے لیے اپنے علم کو بروئے کار لائیں گے۔

تقریب کے دوران ایس ڈبلیو یو ایس ٹی کے صدر ژو شیاؤ ہوا اور پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل، یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد سمیت پاکستان کی 10 سے زائد جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان باہمی تعاون کی یادداشتوں کی نمائش بھی کی گئی، جو طویل المدتی اور کثیر الجہتی تعاون کی علامت قرار دی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ایگری کلچر “ایک ہزار ٹیلنٹس پروگرام” حکومتِ پاکستان کی زیر قیادت ایک اہم منصوبہ ہے، جس کے تحت ایک ہزار زرعی ماہرین کو تربیت کے لیے چین بھیجا جا رہا ہے۔ ایس ڈبلیو یو ایس ٹی صوبہ سیچھوان کی واحد یونیورسٹی ہے جو اس پروگرام پر عملدرآمد کر رہی ہے۔

اختتامی تقریب میں آٹھ تربیت یافتہ پاکستانی زرعی ماہرین کو سابق طلبہ کے رابطہ افسران مقرر کیا گیا، جبکہ تمام شرکاء نے چین کا معروف عوامی گیت “چنبیلی کا پھول” گا کر چین۔پاکستان دوستی سے اپنے گہرے جذبات کا اظہار کیا۔

[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]