ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 میں بدھ کے روز کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا چیمپئنز نے ویسٹ انڈیز چیمپئنز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
کاؤنٹی گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے 143 رنز کا ہدف دیا، جسے آسٹریلیا نے صرف 9.3 اوورز میں حاصل کر لیا۔ اس کامیابی کا سہرا کرس لن کے سر رہا جنہوں نے محض 27 گیندوں پر 81 رنز بنائے۔ لن نے اپنی اننگز میں 8 چھکے اور 6 چوکے لگائے اور صرف 20 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔
شان مارش سات رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ آخر میں بین ڈنک نے صرف 9 گیندوں پر ناقابلِ شکست 30 رنز بنا کر میچ کا اختتام شاندار انداز میں کیا، جس میں 3 چھکے شامل تھے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے صرف اشلے نرس اور نکیتا ملر وکٹیں حاصل کر سکے۔ آسٹریلیا کی یہ جیت نہ صرف ایک مضبوط کم بیک ہے بلکہ ان کے ٹائٹل کا دعویدار بننے کا بھی اعلان ہے۔