قومی یکجہتی و سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی،273ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں دوٹوک اعلان

فیلڈ مارشل عاصم منیر کے زیر صدارت 273ویں کور کمانڈرز کانفرنس قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

قومی یکجہتی و سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، 273ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں دوٹوک اعلان

عسکری قیادت نے واضح کیا ہے کہ قومی یکجہتی، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، چاہے اس میں ملوث عناصر سیاسی ہوں یا غیر سیاسی۔ افواجِ پاکستان اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت 273ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا کہ فورم نے دہشت گردی، جرائم اور مفاد پرست سیاسی عناصر کے گٹھ جوڑ کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی اتحاد، سلامتی اور استحکام کو کمزور کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔

273ویں کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں جامِ شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں اور حالیہ دہشت گرد واقعات میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

فورم نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان میں بتدریج استحکام، بہتر معاشی مواقع اور عالمی سطح پر وقار میں اضافہ، حکومت، افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

273ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں داخلی اور خارجی سیکیورٹی صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا، جس میں بدلتے ہوئے خطرات، علاقائی سیکیورٹی ماحول اور آپریشنل تیاریوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ

آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے خلاف بلاامتیاز اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔

اس موقع پر فورم نے بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹوز کو بھی سراہا، جن کا مقصد مقامی سطح پر بااختیار بنانا، سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور دہشت گردی سے جڑے گورننس کے چیلنجز کا دیرپا حل تلاش کرنا ہے۔

فورم نے قومی ایکشن پلان کے مطابق ملک کے دیگر حصوں میں بھی عوامی فلاح پر مبنی ایسے ہی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق 273ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں کشمیر اور فلسطین کے عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا۔ شرکا نے غزہ میں فوری جنگ بندی، بلا تعطل انسانی امداد کی فراہمی اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے واضح اور قابلِ عمل راستے کا مطالبہ بھی کیا۔

اختتامی کلمات میں آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، پیشہ ورانہ تربیت، جسمانی فٹنس، جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور میدانِ جنگ میں بدلتے حالات کے مطابق خود کو ہم آہنگ رکھنے کے اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھے جائیں۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاک فوج روایتی، غیر روایتی، ہائبرڈ اور غیر متناسب ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور قومی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

 

[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]