حکومت پاکستان نے شمالی علاقوں کی قدرتی خوبصورتی کے تحفظ اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کیلئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے آئندہ 5 سالوں تک جھیلوں کے اطراف میں نئے ہوٹلوں کی تعمیر پر پابندی عائد کر دی ہے۔
گلگت بلتستان ماحولیاتی تحفظ اتھارٹی کے مطابق، بے ہنگم ہوٹلنگ کی وجہ سے علاقے کے قدرتی وسائل — خصوصاً پانی، بجلی اور فضلہ نظام — پر ناقابلِ برداشت دباؤ پڑ رہا ہے۔
مقامی و غیر ملکی سیاح اکثر یہاں قدرتی نظاروں کیلئے آتے ہیں لیکن سیاحتی کاروبار کی بڑھتی ہوئی دوڑ نے ماحول کو نقصان پہنچایا ہے۔
یہ فیصلہ اس ویڈیو کے بعد بھی سامنے آیا جس میں ایک غیر ملکی سیاح نے ہنزہ کی عطا آباد جھیل میں گندے پانی کے اخراج کی نشاندہی کی تھی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ قدم "پائیدار سیاحت” کو فروغ دینے اور قدرتی مقامات کو آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ رکھنے کی کوشش کا حصہ ہے