راولپنڈی:پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے واضح کر دیا ہے کہ ان کے بیٹے سیاسی احتجاج میں شرکت کے لیے پاکستان نہیں آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق، حالیہ دنوں ایسی اطلاعات گردش کر رہی تھیں کہ عمران خان کے بیٹے اپنے والد کی رہائی کے لیے پاکستان آ کر احتجاج میں شامل ہوں گے۔ تاہم آج اڈیالہ جیل میں مقدمے کی سماعت کے دوران عمران خان نے اس حوالے سے وضاحت کر دی
عدالتی سماعت کے دوران، عمران خان سے سوال کیا گیا کہ کیا ان کے بیٹے احتجاج میں شرکت کریں گے؟ اس پر عمران خان نے مختصر جواب دیا: "نہیں، وہ احتجاج کے لیے نہیں آئیں گے۔”
یہ بیان عمران خان کے وکلا اور ذرائع نے بھی تصدیق کیا ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت اور عمران خان کی بہن علیمہ خان کی جانب سے پہلے یہ عندیہ دیا گیا تھا کہ عمران خان کے بیٹے احتجاج میں شرکت کے لیے آئیں گے، تاہم عمران خان نے خود اس بات کی تردید کر دی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ اگر ان کے بیٹے پاکستان آتے ہیں تو وہ صرف ملاقات کی غرض سے آئیں گے، اور عدالت ان سے ملاقات کی اجازت ضرور دے گی۔
Comments 3