بھارتی شہر ممبئی میں دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں بھارتی اداکارہ روچی گجر نے ایک فلم پروڈیوسر کو سب کے سامنے چپل سے مارا۔ یہ واقعہ سینی پولیس تھیٹر میں پیش آیا اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ روچی گجر تھیٹر میں ایک احتجاجی گروپ کے ساتھ پہنچیں جہاں فلم پروڈیوسر کرن سنگھ چوہان بھی موجود تھے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روچی گجر غصے میں پروڈیوسر سے پیسوں کے حوالے سے بحث کر رہی ہیں۔ بات بڑھنے پر انہوں نے اپنی چپل نکالی اور سب کے سامنے پروڈیوسر کو مار دی۔
معاملے کی اصل وجہ
میڈیا رپورٹس کے مطابق روچی گجر اور کرن سنگھ چوہان کے درمیان ایک مالی تنازع چل رہا ہے۔ روچی کا کہنا ہے کہ پروڈیوسر نے انہیں ایک ہندی ٹی وی سیریل میں شریک پروڈیوسر بننے کی پیشکش کی تھی۔ اس حوالے سے کرن سنگھ نے سونی ٹی وی پر ڈرامہ نشر کرنے کا دعویٰ کیا تھا اور مختلف کاغذات بھی بھیجے تھے۔
روچی گجر نے اس پیشکش پر اعتماد کرتے ہوئے جولائی 2023 سے جنوری 2024 کے درمیان اپنے ایونٹ مینجمنٹ بزنس "ایس آر ایونٹس اینڈ انٹرٹینمنٹ” کے ذریعے کرن سنگھ کے اسٹوڈیو سے جڑے بینک اکاؤنٹس میں بڑی رقم ٹرانسفر کی۔ ان کے مطابق یہ رقم 25 لاکھ روپے سے زیادہ تھی۔ تاہم، کئی مہینے گزر جانے کے باوجود پروجیکٹ کا کوئی آغاز نہیں ہوا اور نہ ہی اداکارہ کو ان کی رقم واپس ملی۔
پولیس کارروائی
اس واقعے کے بعد روچی گجر نے قانونی راستہ اختیار کیا اور ممبئی پولیس نے کرن سنگھ چوہان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی۔ ایف آئی آر کے مطابق پروڈیوسر پر 25 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کا الزام ہے۔
روچی کا کہنا ہے کہ وہ اب مزید خاموش نہیں رہیں گی اور انصاف کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گی۔ ان کا مؤقف ہے کہ انڈسٹری میں خواتین فنکاروں کے ساتھ اکثر ایسا سلوک کیا جاتا ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ ایسے فراڈی لوگوں کو بے نقاب کیا جائے۔
Model and Actress Ruchi Gujjar slapped the producer Karan Singh of the movie "'So Long Valley' with slippers at the screening of the film at Cinepolis theatre in Mumbai. Let Bollywood taste its own medicine.pic.twitter.com/BdoWKm3AJY
— NCMIndia Council For Men Affairs (@NCMIndiaa) July 26, 2025