جلد 27ویں آئینی ترمیم پارلیمان میں پیش کی جائے گی، پیپلز پارٹی سے اس مجوزہ ترمیم پر بات چیت ہو چکی، وزیرِخارجہ اسحٰق ڈار
اسلام آباد (رئیس الاخبار) :— نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم جلد پارلیمان میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئین و قانون کے مطابق یہ ترمیم پیش کرے گی اور اس پر جامع و شفاف بحث ہوگی۔ سینیٹ اجلاس سے خطاب میں اسحٰق ڈار نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم کو رولز کے مطابق متعلقہ قائمہ کمیٹیوں میں بھیجا جائے گا تاکہ تمام جماعتوں کو اظہارِ خیال کا موقع مل سکے۔ انہوں نے سینیٹر علی ظفر کو یقین دلایا کہ ترمیم پر تفصیلی بحث ہوگی اور ہر فریق کا مؤقف سنا جائے گا۔
نائب وزیرِاعظم نے کہا کہ وہ حکومت کو تجویز دیں گے کہ اس بار ترمیم کو سب سے پہلے سینیٹ میں پیش کیا جائے تاکہ ایوانِ بالا کو اس اہم قانون سازی میں ابتدائی کردار ملے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے اس مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم پارلیمان میں پیش کرنے پر بات چیت ہو چکی ہے، اب دیگر اتحادی جماعتوں سے بھی مشاورت جاری رکھی جائے گی۔ ان کے مطابق، ترمیم سے متعلق تمام مراحل شفاف انداز میں مکمل کیے جائیں گے۔
وزیرِخارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ27ویں آئینی ترمیم کو سینیٹ کی قانون و انصاف کمیٹی میں بھیجا جائے اور قومی اسمبلی کی کمیٹی کے ارکان کو بھی اس بحث میں شامل کیا جائے تاکہ دونوں ایوانوں کے ارکان ایک مشترکہ فورم پر غور و فکر کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی ٹویٹ دیکھی ہے اور ان نکات پر حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان پہلے ہی تبادلہ خیال ہو چکا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی نے انکشاف کیا تھا کہ حکومت نے27ویں آئینی ترمیم پارلیمان میں پیش کرنے کے لیے اس کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی ہے، جس کے بعد اس ترمیم سے متعلق قیاس آرائیاں اور سیاسی بحث تیز ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، مختلف سیاسی جماعتیں اس معاملے پر اپنے مؤقف تشکیل دے رہی ہیں، جب کہ بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ مجوزہ27ویں آئینی ترمیم پارلیمان میں پیش کرنے کے نتیجے میں 18ویں آئینی ترمیم کے تحت صوبوں کو حاصل بعض اختیارات متاثر ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب، حزبِ اختلاف کی جماعت تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ وہ مجوزہ ترمیم کی ’ڈٹ کر مخالفت‘ کرے گی اور اسے صوبائی خودمختاری کے خلاف قرار دیا ہے۔
27th constitutional amendment to be tabled in parliament soon.. pic.twitter.com/rbiSr4c7gW
— 𓆩 Aᴢʜᴀʀ Bʜᴀᴛᴛɪ 𓆪 🇵🇰 (@Real_AB_PMLN) November 4, 2025











Comments 2