اسلام آباد پولیس کا سخت اقدام: پولیس افسران کے ٹک ٹاک اکاؤنٹس پر پابندی، دو اہلکار معطل
اسلام آباد:
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پولیس نے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر سخت پابندی عائد کر دی ہے۔ پولیس افسران کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ یونیفارم میں کسی بھی قسم کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنا سختی سے ممنوع ہوگا۔
ذرائع کے مطابق، سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی پر اسلام آباد پولیس نے دو اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے جن میں کانسٹیبل آفتاب احمد اور احتشام اسلم شامل ہیں، دونوں اہلکار آپریشنز ڈویژن میں تعینات تھے۔
ان اہلکاروں پر بدتمیزی اور محکمے کی پالیسی کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔ معطلی کے بعد دونوں کو ریسکیو 15 رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی اسلام آباد نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے مزید محکمانہ کارروائی کی ہدایت دی ہے۔
یہ فیصلہ سوشل میڈیا پر پولیس اہلکاروں کی وردی میں ویڈیوز وائرل ہونے کے بڑھتے رجحان کے بعد کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس عمل سے ادارے کے وقار پر منفی اثر پڑتا ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب اور سندھ سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں بھی سوشل میڈیا پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے، اور کئی پولیس اہلکاروں کے خلاف اسی نوعیت کی خلاف ورزی پر محکمانہ کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔
Comments 1