اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کی حلف برداری تقریب، صحافیوں کے اتحاد، حقوق کے تحفظ اور آزادیٔ صحافت کا عزم، تنظیم کسی صحافی کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑے گی: چیئرمین(IUJ) شاہنواز خان
اسلام آباد: اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (رجسٹرڈ) کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری کی پروقار تقریب اسلام آباد ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں سینئر صحافیوں، تجزیہ کاروں، مختلف میڈیا ہاؤسز کے نمائندگان اور صحافتی تنظیموں کے عہدیداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی نامور و سینئر صحافی اور تجزیہ کار خوشنود علی خان تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا، جبکہ اسٹیج سیکرٹری چوہدری مسعود نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔
مہمان خصوصی کی موجودگی میں چیئرمین شاہنواز خان نے ایگزیکٹو باڈی سے حلف لیا، جبکہ گورننگ باڈی کے عہدیداران سے حلف سینئر صحافی شمشاد مانگٹ نے لیا۔
نو منتخب عہدیداران
صدر عامر چوہدری، سینئر نائب صدر فیاض تنولی، نائب صدور ملک ظفر، عباس احمد، منصور قریشی، نائب صدر خواتین فائزہ یونس، جنرل سیکرٹری سردار سجاد طارق، ڈپٹی جنرل سیکرٹری راشد عباسی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری خواتین سلمیٰ ملک، جوائنٹ سیکرٹری ملک نجیب، انفارمیشن سیکرٹری محمد عادل خان، فنانس سیکرٹری راشد اشرف، لیگل سیکرٹری ملک سیف ایڈووکیٹ، پریس سیکرٹری ملک احتشام فاروق سمیت دیگر عہدیداران شامل ہیں۔
گورننگ باڈی کے اراکین میں شیر دل خان، عمر فاروق چوہدری، فاروق خان، راجہ ارسلان، راجہ خلیل جنجوعہ، رجب علی، شیخ طیب، وقاص کھوکھر، عثمان عباسی، چوہدری عبد الرحمان، ملک نوید آصف، سید ایم فیضان علی شاہ، کامران کھوکھر، ایم سلیم، بلال احمد ملک، راجہ جمیل، امجد کیانی، عمران عمار، ولید خان شلمانی، ملک اختر اور راجہ ندیم شامل ہیں۔




خوشنود علی خان کا خطاب
خوشنود علی خان نے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین شاہنواز خان کو ورکنگ کلاس صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو درپیش مسائل سنگین نوعیت کے ہیں، جن میں جبری برطرفیاں، تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور معاشی مشکلات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اکثر صحافی ذہنی دباؤ اور مالی مشکلات کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں، مگر بڑی تنظیمیں اس پر آواز نہیں اٹھاتیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ صحافیوں کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔
خوشنود علی خان نے صحافیوں کے لیے ہاؤسنگ سہولتوں کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ پلاٹ لینا ہر صحافی کا حق ہے۔ انہوں نے بعض نام نہاد قیادتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وقت آنے پر وہ حقائق سامنے لائیں گے۔

چیئرمین شاہنواز خان کا عزم
چیئرمین شاہنواز خان نے کہا کہ اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، آزادیٔ صحافت کے فروغ اور فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تنظیم کسی صحافی کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑے گی اور قانونی و پیشہ ورانہ معاونت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے دیگر صحافتی تنظیموں کے ساتھ تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ مقصد ٹکراؤ نہیں بلکہ ورکنگ کلاس صحافیوں کے مسائل کا حل ہے۔
صدر عامر چوہدری کا خطاب
صدر عامر چوہدری نے کہا کہ صحافی معاشرے کی رہنمائی کا اہم فریضہ انجام دیتے ہیں، اس لیے ان کے اتحاد اور تحفظ کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ صحافیوں کو کبھی مایوس نہیں کریں گے اور ہر مشکل گھڑی میں ساتھ کھڑے رہیں گے۔
تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، آزادیٔ صحافت اور صحافیوں کی فلاح کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری کی کوریج کا کلپ pic.twitter.com/7ntvetULAn
— Masood Chaudhary (@Masoodch06) February 11, 2026