کویتی دینار اور پاکستانی روپے کے درمیان شرح مبادلہ میں آج معمولی کمی دیکھنے میں آئی، ایک کویتی دینار کی پاکستانی روپے میں قیمت930.03 رہی۔
ایک ماہ کے مسلسل اضافے کے بعد پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں کویتی دینار کی شرتح مبادلہ میں یہ معمولی کمی واقع ہوئی۔ 11 جولائی کو ایک کویتی دینار کی قدر پاکستانی روپے کے مقابلے میں 932.18 اور 10 جولائی کو 931.78 روپے پر ریکارڈ کی گئی تھی۔
کویتی دینار جسے دنیا کی طاقت ور ترین کرنسیوں میں شمار کیا جاتا ہے، یہ معمولی گراوٹ کے باوجود پچھلے 32 دنوں میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں کافی مضبوط رہا ہے۔
10 جون سے اب تک روپے کے مقابلے میں کویتی دینار تقریبا 10.36 روپے تک مہنگا ہوچکا ہے، ایک مہینے پہلے ایک کویتی دینار کی قدر 919.67 روپے تھی۔
کویتی دینار کی یہ قیمت ایک طرف کویت کی مضبوط معیشت کو ظاہر کرتی ہے تو دوسری جانب پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز اور دباؤ کو بھی اجاگر کررہی ہے، جس کی وجہ سے روپے کی قدر کم ہو رہی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق کویتی دینار اور پاکستانی کرنسی کے درمیان شرح تبادلہ کئی معاشی عوامل اور مارکیٹ کی طلب و رسد پر منحصر ہے۔
اگرچہ مرکزی بینک جیسے کہ سینٹرل بینک آف کویت اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان اس میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، تاہم اصل قیمت مارکیٹ کی سرگرمیوں کے مطابق طے کی جاتی ہے۔
کویت کی تیل پر مبنی معیشت، وافر زرمبادلہ ذخائر اور مالیاتی سرپلس اس کے دینار کو مضبوط رکھتے ہیں۔ اس کے برعکس پاکستان کو مہنگائی، تجارتی خسارے اور مالی دباؤ جیسے مسائل کا سامنا رہتا ہے۔