لکی مروت میں آئی ای ڈی دھماکہ، ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکار شہید،
لکی مروت (13 مارچ 2026): خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے ٹرائبل سب ڈویژن میں پولیس کی گاڑی کو آئی ای ڈی (ریموٹ کنٹرول) دھماکے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق لکی مروت میں آئی ای ڈی دھماکہ اس وقت پیش آیا جب پولیس کی گاڑی معمول کے گشت پر تھی کہ سڑک کنارے نصب بارودی مواد زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔

لکی مروت میں آئی ای ڈی دھماکہ اتنا شدید تھا کہ پولیس کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار 6 اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
شہید ہونے والوں میں علاقے کے ایس ایچ او بھی شامل ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمی اہلکار کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ واقعے میں ملوث عناصر کا سراغ لگایا جا سکے، تاہم ابھی تک کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لکی مروت میں آئی ای ڈی دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایس ایچ او سمیت شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر جوانوں نے اپنا آج قوم کے پرامن کل کے لیے قربان کیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پولیس کے افسران اور جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں، شہدا قوم کا فخر ہیں اور ان کی عظیم قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
#Khyber #Pakhtunkhwa #LakkiMarwat #policebomb attack update: Death toll from a roadside bomb attack on a police vehicle in Lakki Marwat reached 7 including Station House Officer (SHO), according to police. pic.twitter.com/5jQ0w7N683
— Tahir Khan (@taahir_khan) March 13, 2026