پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہفتہ وار مقرر کرنے کی تجویز، حکومت کا اہم اقدام
جیوپولیٹیکل کشیدگی اور عالمی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اہم تجاویز سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزارت توانائی پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے نئی ورکنگ تیار کر لی ہے اور اس سلسلے میں شہباز شریف کو بریفنگ بھی دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کو یہ تجویز دی گئی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 15 دن کے بجائے ہر ہفتے مقرر کی جائیں تاکہ عالمی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق قیمتوں کو فوری طور پر ایڈجسٹ کیا جا سکے۔
عالمی مارکیٹ کے مطابق قیمتوں کا تعین

تجویز کے مطابق اگر قیمتوں کا ہفتہ وار تعین کیا جاتا ہے تو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں عالمی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق زیادہ مؤثر انداز میں ایڈجسٹ کی جا سکیں گی۔ اس اقدام کا مقصد عالمی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے اثرات کو بروقت منظم کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم معاشی ٹیم سے مشاورت کے بعد اس تجویز پر حتمی فیصلہ کریں گے۔ اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا تو وفاقی حکومت جلد اس حوالے سے فیصلہ کر سکتی ہے۔
ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت نگرانی
دوسری جانب وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کو روکنے کیلئے نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حکام کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر فی الحال ضرورت کے مطابق موجود ہیں اور حکومت صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کا تعین ہفتہ وار بنیادوں پر کیا جاتا ہے تو اس سے مارکیٹ میں شفافیت بڑھے گی اور عالمی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیوں کا اثر بروقت صارفین تک منتقل ہو سکے گا۔
Pakistan’s petrol pump owners warn of possible fuel supply pressure, claiming some OMCs have started restricting deliveries through a quota system.
OGRA says the country still has around 28 days of fuel reserves, but supply chains remain under stress due to Hormuz disruptions. pic.twitter.com/xwShZq6jh4
— PakWheels.com (@PakWheels) March 5, 2026