پی آئی اے کی بحالی قومی وقار کی جیت ہے، برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے اخراج تاریخی سنگ میل: خواجہ آصف
اسلام آباد:
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کو برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکالنا وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حاصل ہونے والا ایک تاریخی سنگ میل ہے، جو قومی وقار کی بحالی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن پاکستان کی تاریخ میں یادگار حیثیت اختیار کرے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے سابق حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے اپنی ہی ایئر لائن پر بے بنیاد الزامات لگا کر بین الاقوامی اداروں کو پابندیاں لگانے کا موقع فراہم کیا، جس کے نتیجے میں اربوں روپے کا نقصان ہوا اور ملک کی ساکھ مجروح ہوئی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس نقصان کی ذمہ داری غلام سرور خان کے ساتھ ساتھ اُس وقت کے وزیراعظم عمران خان پر بھی عائد ہوتی ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس دور میں اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے مرحوم رشتہ داروں کی میت وطن لانے کے لیے ہزاروں ڈالر اضافی ادا کرنے پڑے، اور کچھ افراد نے برطانیہ میں ہی تدفین کے انتظامات کر لیے، جو ایک افسوسناک صورتحال تھی۔
خواجہ آصف نے اعلان کیا کہ اب یہ مسئلہ خوش اسلوبی سے حل ہو چکا ہے، اور پی آئی اے جلد برطانیہ میں اپنا آپریٹنگ لائسنس حاصل کر لے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایئر بلیو کو بھی برطانیہ میں پروازوں کی اجازت مل گئی ہے۔ وزیر دفاع نے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور وفاقی وزیر سعد رفیق کی کاوشوں کو سراہا، جن کی محنت سے یورپی یونین کا اعتماد بحال ہوا۔