اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے اہم ملاقات کی جس میں ملکی سیکیورٹی، زائرین کی سہولتوں اور بلوچستان کی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو نئی زائرین پالیسی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت زائرین کے لیے سہولتوں کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اس پالیسی کے تحت ملک بھر سے ایران، عراق اور دیگر مقامات پر جانے والے زائرین کے لیے جدید سہولیات، رہائش، سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹ کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر ہوابازی کو ہدایت کی کہ زائرین کے لیے خصوصی پروازوں کا بندوبست کیا جائے تاکہ محرم، صفر اور دیگر اہم ایام کے دوران بڑی تعداد میں سفر کرنے والوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ملاقات میں بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو گوادر، تربت اور دیگر حساس علاقوں میں امن و امان کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے گوادر شہر میں "سیف سٹی” پراجیکٹ کے آغاز کی منظوری دی۔ اس منصوبے کا مقصد گوادر کو جدید نگرانی اور سیکیورٹی نظام سے لیس کرنا ہے تاکہ سرمایہ کاری، سیاحت اور مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ملک کے تمام حصوں میں امن و استحکام کے قیام کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی، اور زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہماری قومی اور مذہبی ذمہ داری ہے۔
Comments 2