پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے، مون سون بارشوں کا تیسرا سلسلہ 17 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے بتایا ہے کہ پنجاب کے بیشتر دریاوں و ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔
دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے ۔دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر پانی کا بہائو 4 لاکھ 26 ہزار کیوسک ہے۔
چناب، راوی ،جہلم اور ستلج میں پانی کا بہائو نارمل سطح پر ہے، راجن پور ہل ٹورنٹس میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل ہے، ڈیرہ غازی خان وڈور رودکوہی سے اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔ مون سون بارشوں کے باعث دریاں و ندی نالوں میں پانی کے بہائو میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ۔
وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔ شہریوں کے تحفظ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، عوام سےدرخواست ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اوکاڑہ میں 72 ملی میٹر، ساہیوال میں 66 ،ڈیرہ غازی خان میں 51 ،میانوالی میں 38 اور بہاولپور میں 36 ملی میٹر،کوٹ ادو میں 33،گجرانوالہ میں 30 ،لیہ میں 23 اور مری میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے سندھ میں تونسہ بیراج کے مقام پر فلڈ کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا
ترجمان پی ڈی ایم اے کےمطابق تونسہ بیراج میں درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے اور پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، تونسہ بیراج پر پانی کا بہائو 4 لاکھ 18 ہزار کیوسک ہے جبکہ گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے ۔
ڈیرہ غازی خان و بہاولپور کے کمشنرز اور کوٹ ادو، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان ، راجن پور اور رحیم یار خان کے ڈپٹی کمشنرز ، ریسکیو 1122 ،لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو سٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ متعلقہ انتظامیہ الرٹ رہے،وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں، ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف اور ریسکیو 1122 کی ڈائزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کے لیے پٹرول و ڈیزل کا سٹاک وافر مقدار میں ہونا چاہیے،عوام کو بھی صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ دریائوں کے پاٹ میں موجود مکانوں اور مویشیوں کے انخلا کو یقینی بنائیں، علاوہ ازیں فلڈ ریلیف کیمپس میں خوراک، پینے کے پانی و دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔