راولپنڈی: پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث منگل کو راولپنڈی کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں افسوسناک حادثہ پیش آیا۔
فیز 5 میں واقع سوسائٹی میں ایک سرمئی رنگ کی کار میں سوار ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی اپنی 25 سالہ بیٹی کے ہمراہ شدید بارش کے دوران گاڑی چلاتے ہوئے برساتی نالے کے قریب پہنچے۔ پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے گاڑی بند ہو گئی۔ گاڑی اسٹارٹ کرنے کی کوشش کے دوران پانی کا زور اتنا شدید ہوا کہ گاڑی سمیت دونوں افراد نالے میں بہہ گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق باپ بیٹی مدد کے لیے پکار رہے تھے، تاہم پانی کی شدت نے کسی کو قریب آنے کا موقع نہ دیا۔
ریسکیو 1122، پولیس، سوسائٹی انتظامیہ اور غوطہ خوروں کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور دونوں افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ مون سون بارشوں کے باعث ندی نالے خطرناک حد تک بھر چکے ہیں، اور ماہرین شہریوں کو غیر ضروری سفر اور برساتی پانی کے قریب جانے سے گریز کی ہدایات دے رہے ہیں۔
راولپنڈی: باپ بیٹی کار سمیت برساتی نالے میں بہہ گئے، ریسکیو آپریشن جاری........https://t.co/fCbNpGG9sP
....................#FloodAlert#RainEmergency#ClimateChangePakistan#pakarmy pic.twitter.com/l8iJ8L7ZLZ
— The Daily Raees ul Akhbar (@raees_ul_akhbar) July 22, 2025