سماہنی / بھمبر: سابق وزیرِاعظم آزاد کشمیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر سردار عبدالقیوم نیازی کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سردار عبدالقیوم نیازی کو آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر کے علاقے سماہنی سے حراست میں لیا گیا، جہاں وہ ایک ریلی سے خطاب کے لیے پہنچے تھے۔
ڈی آئی جی لیاقت چوہدری کے مطابق پی ٹی آئی رہنما کو 16 ایم پی او (Maintenance of Public Order) کے تحت ڈپٹی کمشنر کے حکم پر حراست میں لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ انہیں قانون و امن کی ممکنہ خرابی کے خدشے کے پیش نظر گرفتار کیا گیا۔
سردار عبدالقیوم نیازی گزشتہ روز دو روزہ دورے پر بھمبر پہنچے تھے جہاں وہ مختلف سیاسی سرگرمیوں میں شریک تھے۔
یاد رہے کہ سردار عبدالقیوم نیازی 4 اگست 2021ء سے 14 اپریل 2022ء تک آزاد جموں و کشمیر کے وزیرِاعظم کے عہدے پر فائز رہے۔ بعد ازاں وہ پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر منتخب ہوئے اور پارٹی کے اہم رہنما کے طور پر سرگرم کردار ادا کرتے رہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے ان کی گرفتاری کی شدید مذمت کی گئی ہے اور اسے سیاسی انتقام قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ قانونی ماہرین کی رائے میں 16 ایم پی او کا اطلاق صرف مخصوص اور واضح خطرات کی بنیاد پر کیا جا سکتا ہے۔