یو اے ای کا پاکستان کے 2 ارب ڈالر ڈپازٹ میں دو ماہ کی توسیع پر اتفاق، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے رواں ہفتے اماراتی حکام سے رابطہ
اسلام آباد: متحدہ عرب امارات نے اصولی طور پر پاکستان کے 2 ارب ڈالر کے ڈپازٹ میں دو ماہ کی مختصر مدت کے لیے توسیع (رول اوور) پر اتفاق کر لیا ہے۔
ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار کے مطابق یو اے ای نے 17 اپریل 2026 تک اس رقم کو دو ماہ کے لیے رول اوور کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ یقین دہانی اس وقت سامنے آئی جب نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے رواں ہفتے اماراتی حکام سے رابطہ کیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق عرب امارات نے یہ مختصر مدتی توسیع 6.5 فیصد شرح سود پر دی ہے، جبکہ متعلقہ حکام کی باقاعدہ منظوری کسی بھی وقت موصول ہونے کی توقع ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان تیسرے جائزہ مذاکرات جاری ہیں۔ امارات کے اس اقدام کو ان مذاکرات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ ایک ماہ کی سابقہ توسیع ختم ہونے میں صرف چند دن باقی تھے۔
ذرائع کے مطابق اماراتی حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد طویل مدتی رول اوور کے لیے دوبارہ رابطہ کرے گا۔
یاد رہے کہ جنوری میں بھی یو اے ای کا پاکستان کے 2 ارب ڈالر کی میعاد ختم ہونے پر ایک ماہ کی توسیع دی تھی، جبکہ ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط جولائی 2026 میں واجب الادا ہوگی۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق اسحاق ڈار اس معاملے کو خود دیکھ رہے ہیں اور اماراتی حکام کے ساتھ مشاورت میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رول اوور کی مدت کا تعین قرض دہندہ ملک کا اختیار ہوتا ہے اور نائب وزیر اعظم کی کوششوں سے رول اوور یقینی بنایا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر خزانہ کے مطابق پاکستان کے بیرونی مالیاتی پروفائل میں کوئی خلا نہیں اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔