وزیراعظم شہباز شریف کا قومی اسمبلی سے خطاب: دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے، افغان طالبان ٹی ٹی پی کو لگام دیں
اسلام آباد (رئیس الاخبار) — وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی میں کسی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ افغان طالبان حکومت سے مسلسل کہا جارہا ہے کہ وہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو لگام دے۔ “ہم نے چالیس سال افغانوں کی مہمان نوازی کی، اور آج اس کا صلہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔ اگر طالبان دہشتگردوں پر قابو پائیں تو ہم ان کے ساتھ مل کر چلنے کو تیار ہیں۔”
قومی اسمبلی میں خطاب
27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئینی عدالت کے قیام کا خواب 19 سال بعد پورا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ میثاقِ جمہوریت میں بھی آئینی عدالت کا ذکر تھا۔ “اختلاف اپوزیشن کا حق ہے جس کا احترام کرتے ہیں، لیکن دشنام طرازی سے ہٹ کر ہمیں متحد ہو کر ملکی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا۔”
شہباز شریف کا قومی اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ انہیں بلاول بھٹو زرداری سے مکمل اتفاق ہے کہ صوبے مضبوط ہوں گے تو وفاق مضبوط ہوگا۔ “آج ایوان نے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا، میں تمام ارکانِ اسمبلی کا دلی مشکور ہوں۔”
پاکستان کا عالمی وقار بلند ہوا
شہباز شریف کا قومی اسمبلی سے خطابمیں کہا کہ معرکۂ حق میں کامیابی کے بعد بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستان کا مؤقف دنیا کے سامنے مضبوطی سے پیش کیا گیا۔
“جرأت مندانہ فیصلوں کے نتیجے میں پاکستان کو عسکری اور سفارتی سطح پر جو عزت ملی، اس کی مثال نہیں ملتی۔ پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بلند ہوا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا ٹائٹل دینا پوری قوم نے سراہا۔ “پاکستانی قوم اپنے ہیروز کو عزت دینا جانتی ہے۔”
دہشتگردی کی نئی لہر اور افغان کردار
وزیراعظم نے کہا کہ وانا کیڈٹ کالج حملے نے آرمی پبلک اسکول کے سانحے کی یاد تازہ کردی، حملہ آوروں میں افغان باشندے بھی شامل تھے۔
“اساتذہ اور طلبا کو محفوظ نکالنے پر سیکیورٹی فورسز کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔”
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کچہری خودکش دھماکے کا واقعہ بھی افسوسناک ہے، “ہم شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔”
دہشتگردی میں بیرونی ہاتھ ملوث
وزیراعظم شہباز شریف کا قومی اسمبلی سے خطاب میں واضح کیا کہ ملک میں ہونے والی دہشتگردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔ “جعفر ایکسپریس واقعے میں بھارت، کالعدم بی ایل اے اور ٹی ٹی پی شامل تھے۔”
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہادر جوان اور افسران قربانیاں دے رہے ہیں، “ہمارے ہیروز اپنے مستقبل کی قربانی دے کر قوم کے مستقبل کو محفوظ بنا رہے ہیں۔”
آخر میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور امن کے راستے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔
“افغان طالبان سے ایک بار پھر کہتے ہیں کہ دہشتگردوں کو لگام دیں، ہم امن کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔”
قومی اسمبلی کا اجلاس بعد ازاں کل شام 4 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کا 27ویں آئینی ترمیمی بل کی منظوری کے موقع پر ایوان سے خطاب۔ #NASession #27thAmendment @CMShehbaz pic.twitter.com/lw3MMh2NqN
— National Assembly 🇵🇰 (@NAofPakistan) November 12, 2025










