لاہور میں "محفوظ بسنت لاہور” کا اعلان – 6 سے 8 فروری تک تہوار، سخت پابندیاں اور کریک ڈاؤن شروع

"محفوظ بسنت لاہور 2026 کمشنر لاہور اجلاس"
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

لاہور میں محفوظ بسنت لاہور 2026 – کمشنر لاہور کا بڑا اعلان، پتنگ بازی یکم تا 8 فروری اجازت، بغیر سیفٹی راڈ موٹر سائیکل سڑک پر نہیں آئے گی

لاہور میں محفوظ بسنت کے انعقاد کے حوالے سے تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں، اس سلسلے میں کمشنر لاہور مریم خان کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کائٹ فلائنگ آرڈیننس 2025 کے تحت جاری کردہ نوٹیفکیشن پر من و عن عملدرآمد کرانے کے احکامات جاری کیے گئے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز، چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او)، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، اسسٹنٹ کمشنرز (اے سیز) اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر لاہور مریم خان نے واضح کیا کہ انسانی جان کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور محفوظ بسنت کے معاملے پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بسنت ایک ثقافتی تہوار ضرور ہے، لیکن اس کی اجازت صرف اور صرف محفوظ ماحول میں دی جائے گی، جہاں شہریوں کی جان و مال کو کسی قسم کا خطرہ نہ ہو۔

کمشنر لاہور نے بتایا کہ لاہور ضلع کی حدود میں تین روزہ “محفوظ بسنت” 6، 7 اور 8 فروری 2026 کو منعقد کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پتنگ اور ڈور کی فروخت کی اجازت یکم فروری سے 8 فروری 2026 تک محدود ہو گی۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ 6 فروری 2026 سے قبل لاہور میں کسی بھی قسم کی پتنگ بازی کی قطعاً اجازت نہیں ہو گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اجلاس میں ٹریفک اور شہری تحفظ کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔ کمشنر لاہور نے ہدایت دی کہ تین روزہ محفوظ بسنت کے دوران سیفٹی راڈز کے بغیر کوئی موٹر سائیکل سڑک پر نہیں آئے گی۔ انہوں نے سی ٹی او کو ہدایت کی کہ ٹریفک پولیس اس حوالے سے مؤثر نگرانی اور سخت چیکنگ کو یقینی بنائے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

کمشنر مریم خان نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو فوری طور پر اپنے اپنے علاقوں میں غیر قانونی پتنگ سازی، فروخت اور اڑانے کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ اس معاملے میں زیرو غفلت کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی افسر یا اہلکار کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ لاہور کے قریبی اضلاع کو بھی اپنے اپنے علاقوں میں پتنگ بازی اور غیر قانونی ڈور کی تیاری کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کی ہدایات جاری کی جائیں گی، تاکہ لاہور میں محفوظ بسنت کے دوران کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

کمشنر لاہور نے کہا کہ محفوظ بسنت کے انعقاد میں شہریوں کا کردار بھی نہایت اہم ہے اور عوام کو چاہیے کہ وہ قانون کی پابندی کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، انتظامیہ اور عوام کے باہمی تعاون سے ہی محفوظ بسنت کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پتنگ اور ڈور کے مینوفیکچررز، ٹریڈرز اور سیلرز کے لیے ای بز ایپ (E-Biz App) کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ رجسٹریشن کے بغیر کسی کو پتنگ یا ڈور کی تیاری اور فروخت کی اجازت نہیں ہو گی، جبکہ رجسٹرڈ افراد کی سرگرمیوں پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی۔

کمشنر مریم خان نے کہا کہ محفوظ بسنت کے حوالے سے تمام ادارے مکمل الرٹ رہیں گے اور قانون پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور میں بسنت کا تہوار محفوظ، منظم اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے منایا جائے گا تاکہ شہری بغیر کسی خوف کے اس ثقافتی سرگرمی سے لطف اندوز ہو سکیں

[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]