پاکستان نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت 17 میں سے 13 اہم اہداف حاصل کر لیے ہیںآئی ایم ایف سے پاکستان کیلئے 1.2 ارب ڈالر کی قسط منظور ہونے کا امکان،
اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس آج منعقد ہو رہا ہے، جس میں پاکستان کیلئے 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط کی منظوری دیے جانے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے پروگرام کے تحت مقررہ بیشتر اہداف کامیابی سے مکمل کر لیے ہیں، جس کے باعث قسط کے اجرا میں کوئی بڑی رکاوٹ باقی نہیں رہی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت 17 میں سے 13 اہم اہداف حاصل کر لیے ہیں۔ بنیادی بجٹ خسارہ مقررہ حد کے اندر رکھا گیا جبکہ صوبائی ٹیکس وصولیوں کا ہدف 568 ارب روپے تک پہنچا دیا گیا ہے۔ اسی طرح حکومتی ضمانتوں کو 4542 ارب روپے کی حد تک محدود رکھنے کی شرط بھی پوری کر دی گئی ہے۔
آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق اسٹیٹ بینک نے حکومت کو کوئی نیا قرض فراہم نہیں کیا، جسے پروگرام کی ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے باقی اہداف کی تکمیل کیلئے جون 2026 کی ڈیڈ لائن مقرر کر رکھی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 27 مارچ کو اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا تھا۔ پاکستان اس وقت 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت (EFF) پروگرام اور 1.4 ارب ڈالر کے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فنڈ (RSF) کے تحت مذاکراتی عمل میں شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق ای ایف ایف پروگرام کی تیسری جائزہ رپورٹ کامیابی سے مکمل ہو چکی ہے جبکہ آر ایس ایف کے دوسرے جائزے کے بعد پاکستان کو اضافی 21 کروڑ ڈالر ملنے کی بھی توقع ہے۔
اگر آج آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے منظوری دے دی تو 1.2 ارب ڈالر کی رقم جلد اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی، جس سے ملکی زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ اور معاشی استحکام کی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔
Pakistan is hoping to secure a fresh $1.2 billion IMF tranche today as the finance minister says key economic indicators are still on track despite regional tensions and external pressure. 🧵 pic.twitter.com/Cbs1gvWsa5
— ProPakistani (@ProPakistaniPK) May 8, 2026