کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ کی منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی، 11 ارب روپے مالیت کی ہیروئن اور آئس کرسٹل برآمد
کوئٹہ: کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے ایک بڑی کارروائی کے دوران منشیات اسمگلنگ کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 11 ارب روپے مالیت کی بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی ہے۔
کسٹمز حکام کے مطابق انٹیلی جنس بیورو، فرنٹیئر کور اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اشتراک سے انٹیلی جنس بنیادوں پر دو کامیاب آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران منشیات کی بڑی کھیپ قبضے میں لی گئی۔

برآمد ہونے والی منشیات میں 95 کلوگرام ہیروئن اور 88 کلوگرام میتھم فیٹامائن (آئس کرسٹل) شامل ہے، جن کی مجموعی مالیت کا تخمینہ تقریباً 11 ارب روپے لگایا گیا ہے۔
کسٹمز انفورسمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں قابلِ اعتماد خفیہ معلومات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئیں، جن کا مقصد منشیات اسمگلنگ کی روک تھام اور قومی معیشت کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔ بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بروقت تعاون نے ان آپریشنز کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
کلیکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ ڈاکٹر کرم الٰہی نے غیر قانونی تجارت اور منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسٹمز انفورسمنٹ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی ہم آہنگی کے ذریعے اس قسم کی کارروائیاں آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رکھے گی۔
حکام کے مطابق منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ نوجوان نسل کو اس ناسور سے محفوظ رکھا جا سکے اور ملکی سلامتی کو درپیش خطرات کا مؤثر انداز میں سدباب کیا جا سکے۔

