بھارت نے ‘آپریشن مہادیو’ کے نام پر مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلوں کا نیا سلسلہ شروع کر دیا
سیکیورٹی اداروں کے معتبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ایک نیا مذموم فوجی منصوبہ "آپریشن مہادیو” کے نام سے شروع کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طور پر قید پاکستانیوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کر کے انہیں سرحد پار سے آئے ہوئے دہشت گرد ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ منصوبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوجی کارروائیوں پر سخت عالمی تنقید کا سامنا ہے، اور تحریکِ آزادی ایک نئی شدت سے ابھر رہی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت اس نئی مہم کے ذریعے نہ صرف کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانا چاہتا ہے بلکہ اندرون ملک اپنی سیاسی ساکھ کو بھی بچانا چاہتا ہے جو آپریشن سندور اور دیگر جھوٹے دعووں کی ناکامی کے بعد بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
جعلی مقابلوں کی تازہ مثالیں
ذرائع کے مطابق 24 اپریل کو دو کشمیری نوجوان جنہوں نے غلطی سے سرحد پار کی، بھارتی فوج نے انہیں جعلی مقابلے میں شہید کر دیا۔ انہیں میڈیا میں "پاکستانی دہشت گرد” ظاہر کیا گیا، حالانکہ وہ صرف عام شہری تھے جن سے کوئی اسلحہ بھی برآمد نہیں ہوا۔
اسی طرح بھارت نے گزشتہ ہفتوں کے دوران مقبوضہ کشمیر میں کم از کم پانچ "فالس فلیگ” کارروائیاں کیں جن کا مقصد دنیا کو یہ دکھانا تھا کہ پاکستان دہشت گردی میں ملوث ہے۔ مگر سیکیورٹی ماہرین اور صحافیوں نے ان تمام کارروائیوں کو جھوٹا قرار دیا۔
قیدیوں کو دہشت گرد ظاہر کرنے کی تیاری
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت نے پہلے ہی اپنی جیلوں میں قید پاکستانیوں کے خلاف منصوبہ بندی شروع کر رکھی ہے۔ ان افراد کو مارنے کے بعد انہیں دہشت گرد ظاہر کیا جائے گا۔ بھارتی میڈیا کو ان کے جعلی بیانات، لاشوں، پلانٹڈ اسلحے کی تصاویر اور ویڈیوز فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ جھوٹا بیانیہ مضبوط کیا جا سکے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری پہلے ہی 723 پاکستانی قیدیوں کی فہرست جاری کر چکے ہیں جو بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔ ان میں سے 56 پاکستانی ایسے ہیں جنہیں خفیہ ایجنسیاں جبراً لاپتہ کر چکی ہیں۔
بھارت کی تاریخ اور نیت پر سوال
سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کا "آپریشن مہادیو” دراصل اُس بدنام تاریخ کا تسلسل ہے جس میں بھارتی فوج "فیک انکاؤنٹر اسپیشلسٹ” کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔ ماضی میں بھی بھارت ایسے درجنوں جھوٹے آپریشن کر چکا ہے، جن میں عام شہریوں کو مار کر دہشت گرد ظاہر کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پہلگام کا حالیہ فالس فلیگ آپریشن، اور اس سے قبل "آپریشن سندور” کی مکمل ناکامی نے بھارتی اسٹیبلشمنٹ کو شدید بوکھلاہٹ کا شکار کر دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب وہ انتہائی ناپاک حربے اختیار کر رہی ہے، جس میں انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔
پاکستان کی ممکنہ سفارتی حکمت عملی
پاکستانی وزارتِ خارجہ، دفاعی ادارے اور اقوام متحدہ میں موجود سفارتی مشن جلد ہی اس معاملے پر عالمی سطح پر مؤثر آواز بلند کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ توقع ہے کہ یہ انکشافات جلد عالمی میڈیا اور اداروں کے سامنے آئیں گے تاکہ بھارت کے جھوٹے دعوؤں کو بے نقاب کیا جا سکے۔
OP MAHADEV - Update
Three terrorist have been neutralised in an intense firefight. Operation Continues.#Kashmir@adgpi@NorthernComd_IA pic.twitter.com/5LToapGKuf
— Chinar Corps🍁 - Indian Army (@ChinarcorpsIA) July 28, 2025