نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی
اسحاق ڈار جب امریکی محکمہ خارجہ پہنچے تو ان کا باقاعدہ استقبال کیا گیا اس موقع پر امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے
یہ ملاقات تقریباً چالیس منٹ تک جاری رہی جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی حکام شریک تھے ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت کی گئی
ملاقات کے دوران تجارت سرمایہ کاری معیشت اور مختلف اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی اس کے علاوہ انسداد دہشت گردی اور علاقائی امن کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا
دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکہ کو باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ثالثی کردار قابل تحسین تھا
انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات میں مزید وسعت اور استحکام چاہتا ہے
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے علاقائی اور عالمی امن کے قیام کے لیے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے
مارکو روبیو کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے اور اس حوالے سے وہ پر امید ہیں
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان علاقائی امن کے لیے نکتہ نظر اور مفادات میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے
ملاقات کے اختتام کے بعد اسحاق ڈار امریکی محکمہ خارجہ سے روانہ ہو گئے
Comments 1