اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی دارالحکومت میں جمعرات کے روز ہونے والی موسلا دھار بارش نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے اربوں روپے مالیت کے دو انٹرچینج منصوبوں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے، ایف-8 انٹرچینج کی ایک سڑک بارش کے پانی کی وجہ سے بیٹھ گئی جس سے منصوبے کے معیار پر سنگین سوالات اٹھ گئےہیں۔
ایف-8 انٹرچینج چند ماہ قبل "ریکارڈ مدت” میں تعمیر کیا گیا تھا، تاہم حالیہ موسلا دھار بارش نے اس منصوبے کے معیار کو بے نقاب کر دیا، کیونکہ اس منصوبے سے منسلک راولپنڈی کی جانب جانے والی سڑک بارش کے پانی کے باعث بیٹھ گئی تاہم سی ڈی اے کی ٹیموں نے متاثرہ حصہ کچھ گھنٹوں کے لیے بند رکھا اور عارضی مرمت کے بعد ٹریفک بحال کر دی۔