کراچی ای چالان سسٹم کے تحت ایک ہفتے میں 26 ہزار سے زائد ٹریفک خلاف ورزیاں ریکارڈ، یہ نظام 27 اکتوبرسے لانچ ہے
کراچی (رئیس الاخبار) — صوبائی دارالحکومت کراچی میں جدید ای چالان نظام کے آغاز کے بعد سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ پولیس کے مطابق اب تک 26 ہزار 609 چالان جاری کیے جا چکے ہیں۔ یہ نظام 27 اکتوبر کو وزیرِ اعلیٰ سندھ نے سینٹرل پولیس آفس میں باضابطہ طور پر ٹریفک ریگولیشن اینڈ سائٹیشن سسٹم کے نام سے لانچ کیا تھا، جسے عام طور پر ای چالان سسٹم کہا جاتا ہے۔
نیا نظام پرانے دستی چالان کی جگہ مصنوعی ذہانت سے لیس جدید خودکار ای ٹکٹنگ میکانزم پر مبنی ہے، جو شہر بھر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سگنل توڑنے، تیز رفتاری، ہیلمٹ نہ پہننے، اور سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی جیسے اقدامات کو خودکار طور پر ریکارڈ کرتا ہے۔ پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق جاری کیے گئے چالانوں میں سب سے زیادہ تعداد سیٹ بیلٹ نہ باندھنے (17,639) اور ہیلمٹ نہ پہننے (6,362) والوں کی ہے۔ اس کے علاوہ اوور اسپیڈنگ پر 1,967، سگنل توڑنے پر 1,655، موبائل فون استعمال کرنے پر 943، کالے شیشے لگانے پر 298، اور نوپارکنگ پر 165 چالان کیے گئے۔
مزید یہ کہ غلط سمت میں گاڑی چلانے پر 162، ون وے خلاف ورزی پر 44، گاڑی کی چھت پر مسافر بٹھانے پر 152، لین لائن خلاف ورزی پر 65 اور زیادہ وزن یا غلط لوڈنگ پر 37 چالان جاری کیے گئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اب تک کسی کو بھی فینسی نمبر پلیٹ یا ٹیکس کی عدم ادائیگی پر چالان نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ حکومت سندھ نے جون 2024 میں فیصلہ کیا تھا کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے ای چالان گاڑی مالکان کے رجسٹرڈ پتے پر بھیجے جائیں گے، اور جن گاڑیوں کے جرمانے ادا نہیں ہوں گے انہیں فروخت یا منتقلی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب شہر میں ہیوی ٹریفک حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا تھا۔
صرف 2024 کے دوران 500 افراد جاں بحق اور 4 ہزار 879 زخمی ہوئے، جس کے بعد شہریوں کے شدید احتجاج کے نتیجے میں حکومت نے دن کے اوقات میں بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ ماہرین کے مطابق ای چالان سسٹم کے نفاذ سے نہ صرف ٹریفک نظم و ضبط میں بہتری آئے گی بلکہ شہریوں کو سڑکوں پر احتیاط برتنے کی ترغیب بھی ملے گی۔
شہرِ قائد میں ای چالان نظام کے نفاذ کے بعد مؤثر کارروائیاں
کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے ای چالان (E-Challan) نظام کے باضابطہ افتتاح کے بعد مجموعی طور پر 2 ہزار 662 الیکٹرانک چالان جاری کیے گئے۔#karachitrafficpolice #EChallan #SindhPolice #TrafficEnforcement #roadsafety pic.twitter.com/qQC7VzaMba
— Sindh Police (@SindhPoliceDept) October 28, 2025











Comments 3