کراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر تصادم، 8 افراد جاں بحق
کراچی (یکم مارچ 2026): کراچی میں امریکی قونصل خانے کے قریب ہونے والے احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ صورتحال کئی گھنٹوں تک کشیدہ رہی۔
تفصیلات کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی مبینہ شہادت کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد امریکی قونصل خانے کے باہر جمع ہوئی، جہاں احتجاج نے شدت اختیار کرلی۔

مظاہرین کی جانب سے قونصل خانے کے اندر داخل ہونے کی کوشش کے دوران پولیس کے ساتھ جھڑپیں شروع ہوگئیں، جس کے نتیجے میں فائرنگ اور شدید تصادم دیکھنے میں آیا۔ پولیس نے مجمع کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔
مائی کولاچی روڈ اور ایم ٹی خان روڈ پر مظاہرین نے پتھراؤ کیا جبکہ سلطان آباد پل کے نیچے ٹریفک پولیس چوکی کو آگ لگا دی گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق مشتعل مظاہرین نے قونصل خانے کا دروازہ توڑ کر احاطے میں داخل ہونے کی کوشش بھی کی، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے اضافی نفری طلب کرلی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قونصل خانے جانے والے تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب احتجاج کے باعث شہر کے اہم تجارتی اور سفارتی علاقوں میں ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق متعدد مرکزی سڑکیں بند ہونے کے باعث گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔
ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستے فراہم کیے گئے ہیں، تاہم شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Anger is boiling over in Pakistan, as protesters storm and burn the US consulate in Karachi. Pakistan is the home to the world's second largest Shia population in the world. The killing of Khamenei will have repercussions for the US. pic.twitter.com/lg9ch8mxp1
— Glenn Diesen (@Glenn_Diesen) March 1, 2026