ملک بھر میں مون سون بارشوں کا تباہ کن اسپیل شروع ہو گیا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 37 افراد جان سے گئے۔
تفصیلات کے مطابق مون سون کی موسلادھار بارشوں میں پنجاب میں مختلف حادثات میں 30 افراد جاں بحق اور 44 زخمی ہوئے، خیبرپختون خوا میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
پاکپتن، پسرور اور اوکاڑہ میں بارش سے سڑکیں دریا کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، چیچہ وطنی، چوک اعظم، عارف والا اور جڑانوالہ کے گلی، محلوں میں بھی پانی جمع ہو گیا، کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں طوفانی بارش سے راجن پور کے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے اور ہزاروں ایکڑ اراضی زیر آب آ گئی، روجھان میں بھی دریائے سندھ میں طغیانی ہے اور کچے کا علاقہ مکمل ڈوب گیا ہے۔
پنجاب میں زوردار بارشوں سے بڑے چھوٹے شہر پانی میں ڈوب گئے ہیں، اوکاڑہ میں 172 ملی میٹر بارش ہوئی، 33 گھنٹے بعد بھی سڑکیں دریا کا منظر پیش کر رہی ہیں، 2 دن سے تجارتی مراکز بند پڑے ہیں، نواحی علاقے میں چھت گرنے سے 2 افراد زخمی ہوئے ہیں، ساہیوال میں شہر اور محلے ندی نالوں میں تبدیل ہو گئے ہیں، رسیکیو کی گاڑیاں بھی پانی میں پھنس گئیں۔