آبنائے ہرمز کو ہر صورت کھولا جائے گا، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان، متعدد ممالک آبنائے ہرمز کو کھلا اور محفوظ رکھنے کے لیے بحریہ تعینات کرنے پر آمادہ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کسی نہ کسی طریقے سے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول کر اسے محفوظ اور آزاد بنا دے گا تاکہ عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل متاثر نہ ہو۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ امریکا کو امید ہے کہ چین، فرانس، جاپان، جنوبی کوریا اور برطانیہ سمیت کئی ممالک اس اہم آبی گزرگاہ کی حفاظت کے لیے اپنے جنگی بحری جہاز بھیجیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے متعدد ممالک آبنائے ہرمز کو کھلا اور محفوظ رکھنے کے لیے بحریہ تعینات کرنے پر آمادہ ہیں تاکہ ایران کی جانب سے کسی بھی ممکنہ خطرے کو روکا جا سکے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ اس دوران امریکا ایران کے خلاف فضائی کارروائیاں جاری رکھے گا اور ایرانی کشتیوں یا جنگی جہازوں کو آبنائے ہرمز میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
امریکی صدر نے ان اطلاعات کو بھی مسترد کر دیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب کے شہزادہ سلطان ایئر بیس پر ایرانی حملے کے نتیجے میں 5 امریکی ٹینکر طیارے تباہ ہو گئے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایئر بیس کو چند روز قبل نشانہ ضرور بنایا گیا تھا تاہم طیارے تباہ نہیں ہوئے۔ پانچ میں سے چار طیاروں کو معمولی یا کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ طیارے دوبارہ آپریشنل سروس میں شامل ہو چکے ہیں جبکہ ایک طیارے کو نسبتاً زیادہ نقصان پہنچا تھا لیکن اسے بھی جلد مرمت کے بعد دوبارہ استعمال کے قابل بنا لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز خلیج فارس اور خلیج عمان کو ملانے والی دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے دنیا کے تقریباً 20 فیصد خام تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔
"One way or the other, we will soon get the Hormuz Strait OPEN, SAFE, and FREE!" - President DONALD J. TRUMP pic.twitter.com/8XzG2aTmQT
— The White House (@WhiteHouse) March 14, 2026