ایران میں مظاہرین پر تشدد ہوا تو امریکا مداخلت کرے گا، صدر ٹرمپ کی ایران کو انتباہ، ہم پوری طرح الرٹ ہیں اور کارروائی کے لیے تیار ہیں”۔
واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران میں پرامن مظاہرین پر فائرنگ کی گئی یا انہیں تشدد کے ذریعے قتل کیا گیا تو امریکا مداخلت کرے گا۔
جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ کی ایران کو انتباہ کی اور کہا کہ “ہم پوری طرح الرٹ ہیں اور کارروائی کے لیے تیار ہیں”۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران میں گزشتہ تین برس کی سب سے بڑی عوامی احتجاجی تحریک جاری ہے، جہاں مختلف صوبوں میں مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
یہ احتجاج مہنگائی، معاشی بدحالی، کرنسی کی شدید گراوٹ اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے خلاف شروع ہوا، جو ابتدا میں دکانداروں کے احتجاج سے شروع ہو کر پورے ملک میں پھیل گیا۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے عوام سے تحمل اور یکجہتی کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت معاشی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلے کر سکتی ہے، تاہم انہوں نے بیرونی قوتوں پر ایران کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کا الزام بھی عائد کیا۔
ایران پہلے ہی امریکی پابندیوں کے باعث شدید معاشی دباؤ کا شکار ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ممکنہ بدامنی سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔