قلات:
بلوچستان کے ضلع قلات میں دہشت گردوں نے کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ کو نشانہ بنا ڈالا، جس کے نتیجے میں 3 مسافر جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حملہ قلات کے قریب اس وقت پیش آیا جب نامعلوم افراد نے مسافر کوچ پر اچانک فائرنگ کی اور دستی بم پھینکا، جس سے کوچ میں موجود افراد شدید متاثر ہوئے۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال قلات منتقل کر دیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی ادارے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق حملہ آوروں کا تعاقب جاری ہے اور تمام ممکنہ پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور مسافر کوچز کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کیے جا رہے ہیں۔