مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر آج ایوان صدر میں اہم اجلاس، پاکستان کی ثالثی پر مشاورت، وزیراعظم شہباز شریف، اہم وفاقی وزراء، عسکری قیادت اور صوبائی حکام کی شرکت
اسلام آباد: مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور پاکستان کے ثالثی کردار پر آج ایوان صدر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوگا جس کی صدارت صدر آصف علی زرداری کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ایوان صدر میں اہم اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، اہم وفاقی وزراء، عسکری قیادت اور صوبائی حکام شرکت کریں گے، جہاں خطے کی صورتحال اور پاکستان کی سفارتی کوششوں پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان نے فعال سفارتی کردار ادا کرنا شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا تھا، جس میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی پر زور دیا گیا۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ تینوں مسلم ممالک نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی جبکہ چین نے بھی پاکستان کے تعمیری کردار کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے اور وزیراعظم کی قیادت میں علاقائی اور عالمی امن کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت تمام ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام ضروری ہے۔
وزیر خارجہ کے مطابق اجلاس میں خطے کی بدلتی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ مسلم ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے وزارت خارجہ کے سینئر حکام پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جو آئندہ لائحہ عمل طے کرے گی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور ضرورت پڑنے پر امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کے لیے بھی تیار ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق آج ایوان صدر میں اہم اجلاس خطے میں امن کے قیام اور پاکستان کے سفارتی کردار کے حوالے سے انتہائی اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ملاقات
نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، سابق وزیرِ خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی شریک
قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کی بھی ملاقات میں شرکت
قومی سلامتی کی… pic.twitter.com/2qCST7c35V
— PPP (@MediaCellPPP) March 30, 2026