امریکا پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات بڑھانے کا خواہاں، بھارت سے کوئی تعلق نہیں:امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو
واشنگٹن (رئیس الاخبار) :— امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو وسعت دینے کا ایک موقع دیکھ رہا ہے، جب کہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ مضبوط ہوتے روابط کا بھارت سے کوئی تعلق نہیں۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ایک صحافی کے سوال پر کہ آیا بھارت نے امریکا اور پاکستان کے بڑھتے تعلقات پر کوئی تشویش ظاہر کی ہے؟ روبیو نے واضح کیا کہ “نہیں، ایسا نہیں ہے۔ البتہ ہمیں اندازہ ہے کہ تاریخی طور پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی رہی ہے، لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ ہمیں مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات استوار رکھنے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع دیکھ رہا ہے۔
“یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ایسے ممالک کے ساتھ کام کریں جہاں ہمارے اہداف اور مفادات ایک جیسے ہوں،” امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا۔
امریکی وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت اپنی سفارت کاری میں حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرتا ہے، اور یہ بھی تسلیم کرتا ہے کہ کچھ ممالک کے ساتھ اس کے تعلقات ہیں جن کے ساتھ امریکا کے نہیں۔
“میرا نہیں خیال کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات بھارت کے ساتھ ہماری دوستی کی قیمت پر ہوں،” انہوں نے وضاحت کی۔
ایک اور سوال کے جواب میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان حالیہ بہتری کسی ایک شخصیت یا ماضی کے کسی واقعے سے منسلک نہیں۔
“یہ تعلقات ایک تدریجی عمل کے ذریعے بہتر ہوئے ہیں۔ ہم نے پاکستان کے ساتھ اتحاد اور اسٹریٹجک شراکت داری کو ازسرِنو مضبوط کرنے کا عزم کیا ہے،” انہوں نے کہا۔
روبیو کے مطابق، امریکا اور پاکستان کے درمیان انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں طویل شراکت داری رہی ہے اور واشنگٹن چاہتا ہے کہ یہ تعلق مزید وسیع ہو۔
“اگرچہ ہمیں اس میں چیلنجز کا سامنا ہے، مگر تعلقات میں حالیہ بہتری ایک مثبت پیش رفت ہے، اور یہ کسی دوسرے ملک کے نقصان پر نہیں ہوئی،” امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا۔
حالیہ امریکا پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات
یاد رہے کہ حالیہ مہینوں میں (pak us relations)پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔ دونوں ممالک نایاب معدنیات کی برآمد کے حوالے سے ایک معاہدے پر پیش رفت کے قریب ہیں۔
اس سے قبل آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے واشنگٹن کے تاریخی دورے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بعد تعلقات میں نیا باب کھلا تھا۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل منیر نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران بھی صدر ٹرمپ سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی اور انسدادِ دہشت گردی جیسے اہم موضوعات پر گفتگو ہوئی۔
صدر ٹرمپ نے حال ہی میں فیلڈ مارشل منیر اور شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ “یہ عظیم لوگ ہیں، جو خطے میں امن اور استحکام کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔”
#BREAKING Washington wants to expand its strategic ties with Pakistan - and it won’t come at India’s expense.
-- US Secretary of State Marco Rubio pic.twitter.com/2YO4GC6At4
— Mansoor Ahmed Qureshi (@MansurQr) October 26, 2025










