پی ٹی اے کا بڑا فیصلہ: تمام سمز صارف کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہونا لازمی قرار
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں تمام موبائل سمز کا صارف کے اپنے نام پر رجسٹر ہونا لازمی قرار دے دیا ہے، جبکہ کسی دوسرے فرد کے نام پر رجسٹرڈ سم کے استعمال کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں ٹیلی کام صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی سمز اور دیگر ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کا ذمہ دارانہ اور قانونی استعمال یقینی بنائیں۔ اتھارٹی نے واضح طور پر خبردار کیا ہے کہ کسی اور شخص کے نام پر رجسٹرڈ سم کا استعمال غیر قانونی تصور کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سم کے کسی بھی غلط یا غیر قانونی استعمال کی مکمل ذمہ داری اس شخص پر عائد ہو گی جس کے نام پر سم رجسٹرڈ ہے۔ اسی لیے کو چاہیے کہ سمز صارف کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہو اور موبائل کنکشنز پر مکمل کنٹرول رکھیں اور کسی کو غیر مجاز استعمال کی اجازت نہ دیں۔
پی ٹی اے کے مطابق رجسٹرڈ صارفین اپنی سم یا موبائل ڈیوائس کے ذریعے کی جانے والی تمام کالز، میسجز اور ڈیٹا استعمال کے لیے انفرادی طور پر جوابدہ ہوں گے۔ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں متعلقہ صارف کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
اتھارٹی نے تمام ٹیلی کام صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ تمام متعلقہ قوانین اور ضوابط کی مکمل پابندی کریں، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
مزید برآں، پی ٹی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں اور پاکستان کے ٹیلی کمیونیکیشن نظام کی سیکیورٹی، استحکام اور اعتماد کو برقرار رکھنے میں فعال کردار ادا کریں۔
Keep your SIM registered in your own name, your SIM is your responsibility.#YourSIMYourResponsibility #SIMSafety #StaySecure #DigitalAwareness #CyberSafe #FraudPrevention #SecurePakistan pic.twitter.com/bnUdDUvCWD
— PTA (@PTAofficialpk) December 25, 2025